1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سیرینا کی فتح کے لیے ایک کافی ہی کافی

عاطف توقیر5 جنوری 2015

امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ولیمز نے ہوپمین کپ کے ایک میچ میں پہلے سیٹ میں شکست کے بعد غیرعمومی کافی بریک کا مطالبہ کر دیا۔ کافی پی کر وہ اگلے دونوں سیٹ اور میچ جیت گئیں۔

https://p.dw.com/p/1EFCS
تصویر: Getty Images

آسٹریلوی شہر پرتھ میں جاری ہوپمین ٹینس کپ کے ایک میچ میں سیرینا ولیمز کا مقابلہ اطالوی کھلاڑی فلاویا پینیٹا سے تھا۔ اس میچ کے صرف 19 منٹ تک جاری رہنے والے پہلے سیٹ میں انہیں چھ صفر سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اس موقع پر سیرینا نے ایسپریسو کافی کا مطالبہ کر دیا، جو انہیں ان کے بینچ پر لا کر دی گئی۔ اس کافی نے تو جیسے سیرینا کے جسم میں بجلی بھر دی۔ اس کے بعد سیرینا ولیمز نے اگلے دونوں سیٹ چھ تین اور چھ صفر سے باآسانی جیت لیے۔

میچ کے بعد عالمی نمبر ایک سیرینا کا کہنا تھا، ’مجھے امید ہے کہ اب مزید مجھے صبح دس بجے نہیں کھیلنا ہو گا اور شاید کوئی کافی بنانے والا ادارہ مجھے اشتہار بھی دے دے۔‘

سیرینا عالمی نمبر ایک ہیں
تصویر: picture-alliance/dpa

ولیمز ہفتے کے روز ہی فلوریڈا سے پرتھ پہنچی تھیں۔ میچ کے پہلے سیٹ میں سیرینا کا کھیل انتہائی عام سا تھا اور انہیں پینیٹا نے باآسانی زیر کر لیا۔ مگر کافی کی چند چسکیاں لینے کے بعد تماشائیوں کو ایک مرتبہ پھر عالمی نمبر ایک سیرینا ولیمز دکھائی دیں، جنہوں نے انتہائی طاقتور شاٹس کھیلیں اور پینیٹا کو مکمل طور پر بے بس کر دیا۔

’’میں نے ان سے کہا کہ مجھے ایسپریسو کے کچھ گھونٹ درکار ہیں۔ میں نے ان سے پوچھا کہ کیا یہ قانونی ہو گا؟‘

33 سالہ سیرینا کا کہنا تھا، ’میں نے اس سے قبل کبھی ایسا نہیں کیا۔ مجھے ایسپریسو کی ضرورت تھی، مجھے جاگنے کی ضرورت تھی، تاکہ جہاز کے سفر کی تھکان کا خاتمہ ہو۔‘

سیرینا ولیمز نے کہا کہ گزشتہ روز وہ اچھا محسوس نہیں کر رہی تھیں، مگر اب وہ تھکان سے پوری طرح آزاد ہیں۔

انہوں نے اپنی حریف کھلاڑی کی تعریف کرتے ہوئے کہا، ’مجھے خوشی ہے کہ میں یہ میچ جیت گئی۔ یہ ایک مشکل شروعات تھی۔ پینیٹا ہمیشہ بہت عمدہ کھیلتی ہے۔ وہ بہت تیز اور بہت اعلیٰ ہے اور وہ ہر بار سیکھتی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں پھر بھی کامیاب رہی۔‘

اس میچ کے وقت پرتھ میں درجہ حرارت 41 درجہ سینٹی گریڈ تھا اور گرمی ہی کی وجہ سے یہ میچ پرتھ ایرینا کے چھت کے حامل میدان میں ہوا۔ ہوپمین کپ سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین آوپن سے قبل آخری ٹینس ٹورنامنٹ ہے۔