سچن تندولکر پھر آؤٹ، اتنظار لمبا ہو گیا
25 نومبر 2011اسٹار بلے باز سچن رامیش تندولکر نے دنیائے کرکٹ میں کئی ریکارڈ بنانے کے علاوہ اپنے بین الاقوامی کیریئر میں 99 سنچریاں بنانے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔ اب شائقین کو انتظار ہے کہ وہ سو سنچریاں بنانے کا اعزاز کب حاصل کرتے ہیں۔
ویسٹ انڈیز نے جب بھارت کا دورہ شروع کیا تھا تو بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے کہا تھا کہ شائقین کواس بات پر پریشان نہیں ہونا چاہیے کہ سچن کی 100ویں سنچری کب ہو گی، کیونکہ بقول دھونی کے یہ تو ہونا ہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ آج نہیں کل یہ ہو کر رہے گا۔
لیکن شائقین تو پھر شائقین ہی ہوتے ہیں اور انہوں نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز شروع ہوتے ہی ہر میچ میں اندازے لگانا شروع کر دیے کہ اب نہیں تو اب سچن ایک اور منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر ہی لیں گے۔ لیکن ہر مرتبہ انہیں مایوسی ہی ہوئی۔
اب تیسرے ٹیسٹ میچ میں امکانات کافی روش ہو گئے تھے کہ شائد اب سچن تندولکر واقعی ہی 100 ویں سنچری اسکور کر ہی لیں گے لیکن ایک وہ 94 پر اپنی وکٹ کھو بیٹھے۔ ممبئی ٹیسٹ تو ڈرا ہونے کی سمت رواں ہے ہی لیکن اس میچ میں تندولکر کی سنچری اس کو ایک یادگار میچ بنا سکتی تھی۔
سچن کے ہوم گراؤنڈ ممبئی میں کھیلے جا رہے اس ٹیسٹ میچ کے چوتھے دن کے آغاز پر سچن تندولکر نے تیسرے دن کے اپنے انفرادی اسکور 67 پر اننگز شروع کی تو انہوں نے انتہائی محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کیا۔ لیکن آخر کار وہ روی رامپال کی گیند کو کھیلتے ہوئے سیکنڈ سلپ میں ڈیرن سامی کو کیچ دے بیٹھے اور یوں ان کے شائقین کے چہرے ایک مرتبہ پھر مرجھا گئے۔
سچن تندولکر نے اب تک ٹیسٹ میچوں میں 51 جبکہ ایک روزہ میچوں میں اڑتالیس سنچریاں بنا رکھی ہیں۔ اب ایک مرتبہ پھر انتظار شروع ہو گیا ہے کہ سچن تندولکر کب اور کہاں یہ ریکارڈ بنائیں گے۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین