سوات میں سیّاحوں کا ریکارڈ رش،سیاحت کی صنعت بحال ہونے لگی
وادی سوات میں رواں برس لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں کی آمد نے سابقہ تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں جس کے باعث اب اس جنت نظیر مقام میں سیاحت کی صنعت اپنے پیروں پر کھڑی ہوتی نظر آ رہی ہے۔
گاڑیوں کی لمبی قطاریں
عید کی چھٹیوں کے دوران سیاحوں کی آمد نے سیاحتی مقامات تک جانے والی شاہراہوں پر ٹریفک جام کردیا تھا۔ مقامی ٹریفک پولیس کے مطابق پہلے پانچ روز میں تین لاکھ سے زائد گاڑیاں سوات میں داخل ہوئیں۔ کالام، مالم جبہ، مہوڈنڈ ،مرغزار اور دیگر مرکزی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں دیکھی گئیں۔
مہوڈنڈ جھیل
مہوڈنڈ جھیل پہنچنے کے بعد سیاح کشتی رانی سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں ، مہوڈنڈ جھیل میں کشتی کی سیر کرنے کا اپنا ہی مزہ ہوتا ہے ۔ عید کی چھٹیوں کے دوران پہلے پانچ دنوں میں دس لاکھ سے زائد سیاح سوات میں داخل ہوئے جبکہ یہ سلسلہ تا حال جاری ہے۔
کالام میں ٹینٹ ویلیج کا قیام
سوات میں امسال سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد کے باعث ہوٹلوں میں کمروں کا حصول بھی مشکل ثابت ہوا۔ رہائش کی مشکلات سے نمٹنے کے لئے کالام میں دریا کنارے اور مہوڈنڈ جھیل کے قریب سیاحوں کی سہولت کے لئے ٹینٹ ویلیج کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔
پارکوں میں بھی لوگوں کا رش
قابل دید مقامات کے علاوہ وادی سوات کے پارکوں میں بھی مقامی لوگوں اور سیاحوں کا رش دکھائی دیا۔ فضاگٹ کے قریب دریا کے کنارے قائم ایک پارک میں لوگ ٹھنڈے موسم اور حسین نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے جبکہ بچوں نے بھی جھولوں کے مزے لوٹے۔
کالام اور مہوڈنڈ سیاحوں کی پسندیدہ مقامات
مشرق کے سوئٹزرلینڈ سوات میں وادی کالام اور مہوڈنڈ جھیل سیاحوں کی پسندیدہ مقامات تصور کیے جاتے ہیں۔ اس سال بھی سیاحوں کی بڑی تعداد نے ان علاقوں کا رخ کیا اور سوات کے ٹھنڈے موسم اور حسین نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے۔
کشیدگی کے بعد سیاحت کی بحالی
سوات میں دہشت گردی اور سیلاب سے سیاحتی انڈسٹری کوکافی نقصان پہنچا تھا۔ اس سال سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد سے سیاحت کی صنعت بہتری کی جانب گامزن ہوئی ہے۔ محکمہ سیاحت کے مطابق لاکھوں کی تعداد میں سیاحوں نے سوات کی سیاحت کی بحالی میں اہم کردار ادا کیا۔