سنسناٹی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ سیمی فائنل مرحلے میں
14 اگست 2010امریکی ریاست اوہائیو کے شہر سنسناٹی میں مردوں اور خواتین کے اہم ٹورنامنٹ جاری ہے۔ جمعہ کی شام خواتین کے ایک کوارٹر فائنل میچ میں سابق عالمی نمبر ایک کِم کلائسٹرز نے اطالوی کھلاڑی فلاویا پینیٹا کو دو سیٹ میں شکست دے کر سیمی فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔ یہ ایک رینکنگ ٹورنامنٹ ہے اور آئندہ پیر سے جاری ہونے والی خواتین کی عالمی رینکنگ پر کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اثر یقینی طور پر ہو گا۔ کم کلائسٹرز آج کا عالمی درجہ بندی میں ساتویں پوزیشن پر ہیں اور فلاویا پینیٹا کواس وقت پندرہویں پوزیشن حاصل ہے۔ امکان ہے کہ کلائسٹرز ایک یا دو درجے اوپر جا سکتی ہیں۔
اسی ٹورنامنٹ میں سیربیا کی سابق عالمی نمبر ایک انا ایوانووچ بھی بڑے عرصے بعد بہتر کارکردگی دکھاتے ہوئے سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ اب ان کا مقابلہ کِم کلائسٹرز سے ہو گا۔ انا ایوانووچ نے سن 2008 میں فرنچ اوپن جیت کر عالمی شہرت حاصل کی۔
آج کل وہ 62 ویں پوزیشن پر براجمان ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران انا ایوانووچ کی کارکردگی میں بہتری پیدا ہونے کی آثار سامنے آ چکے ہیں۔ ان کی ہم وطن ژالینا ژانکووچ جو کہ سنسناٹی اوپن کی دفاعی چیمپیئن تھیں، پہلے ہی ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔ ژانکووچ آج کل عالمی نمبر دو ہیں۔ وہ ایوانووچ کے بعد سابق عالمی نمبر ایک بنی تھیں۔ اسی طرح عالمی نمبر تین ڈنمارک کی کیرولین ووصنیاکی بھی ٹورنامنٹ میں شکست کھا کر فارغ ہو چکی ہیں۔ روس کی دینارا سافینا بھی سنسناٹی اوپن میں ابتدائی راؤنڈ میں ہار گئی تھیں۔
ان دنوں امریکہ کی سیرینا ولیمز عالمی نمبر ایک ہیں۔ ان کے اور عالمی نمبر دو کے درمیان پوائنٹس کا فرق دو ہزار سے زائد ہے۔ اس طرح رواں برس ان کی عالمی پوزیشن کو بظاہر کوئی خطرہ دکھائی نہیں دیتا۔
ٹینس کھیل کا چوتھا گرینڈ سلیم ٹورنامنٹ اس ماہ کی تیس تاریخ کو امریکی شہر نیویارک میں شروع ہو گا۔ یو ایس اوپن نامی ٹورنامنٹ ٹینس کا آخری بڑا ٹورنامنٹ خیال کیا جاتا ہے۔ اس کے بعد ٹینس چیمپیئن ٹرافی کے مردوں اور خواتین کے ٹورنامنٹس ضرور منعقد ہوتے ہیں لیکن وہ گرینڈ سلیم کے زمرے میں نہیں لائے جاتے۔ یو ایس اوپن میں خواتین کی دفاعی چیمپیئن بیلجیئم کی سابق عالمی نمبر ایک کِم کلائسٹرز ہیں اور مردوں میں ارجنٹائن کے ژوان مارٹن ڈیل پوٹرو ہیں۔ پوٹرو نے یہ چیمپیئن شپ راجر فیڈرر کو شکست دے کر جیتی تھی۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل