1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سمندری طوفان، ہزاروں افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی شروع

13 جون 2023

سمندری طوفان کے خطرے کے باعث پاکستانی فوج اور سول حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔ گزشتہ پچیس برسوں میں صوبہ سندھ سے ٹکرانے والا یہ شدید ترین طوفان ہے۔

https://p.dw.com/p/4SWWO
سمندری طوفان کے خطرے کے باعث پاکستانی فوج اور سول حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنا شروع کر دیا ہے
سمندری طوفان کے خطرے کے باعث پاکستانی فوج اور سول حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنا شروع کر دیا ہےتصویر: Rajanish Kakade/AP Photo/picture alliance

اسی طرح پاکستان کے ہمسائے ملک بھارت میں ابھی سے ہزاروں افراد محفوظ مقامات کی طرف منتقل ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ ممکنہ طور پر بائپر جوائے نامی یہ سمندری طوفان پندرہ جون کو ساحلی علاقوں سے ٹکرا جائے گا۔ دونوں ممالک کے ماہی گیروں کو ساحل پر رہنے اور اپنی کشتیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے  کی ہدایت دی گئی ہے۔

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے دارالحکومت اسلام آباد میں صحافیوں کو بتایا، ''ہم جمعرات کی صبح تک انخلاء مکمل کر لیں گے۔‘‘

انعام حیدر ملک نے مزید بتایا کہ طوفان کی شدت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور  اب تک کم از کم 26 ہزار  لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

 مجموعی طور پر پاکستان میں تقریبا ایک لاکھ پاکستانی شہریوں کو منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے اور گزشتہ پچیسس برسوں میں صوبہ سندھ سے ٹکرانے والا یہ شدید ترین طوفان ہو گا۔ پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے مطابق سمندری طوفان پر تھا۔

سمندری طوفان کے خطرے کے باعث پاکستانی فوج اور سول حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنا شروع کر دیا ہے
سمندری طوفان کے خطرے کے باعث پاکستانی فوج اور سول حکام نے لوگوں کو محفوظ مقامات کی طرف منتقل کرنا شروع کر دیا ہےتصویر: AP/picture alliance

طوفان ہائپر جوائے تیزی سے پاکستان کی جانب بڑھ رہا ہے

بجلی کی سپلائی متاثر ہونے کا خطرہ

کراچی میں ایک نیوکلیئر پاور پلانٹ اور اس کے قریبی اضلاع میں کوئلے سے چلنے والے کچھ پاور پلانٹس آنے والے دنوں میں آف لائن ہونے والے ہیں، جن سے ملک میں بجلی کی فراہمی کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا، ''تیز رفتار ہواؤں کے دوران پاور پلانٹس کو چلانا خطرناک ہے۔‘‘

سندھ کی صوبائی حکومت ممکنہ سیلاب کے لیے بھی تیاری کر رہی ہے کیونکہ کراچی میں 100 ملی میٹر سے زیادہ بارش متوقع ہے۔ وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلیاں شیری رحمان نے کہا کہ ساحلی پٹی کو زیادہ خطرہ ہے جبکہ 2.4 سے لے کر 3.7 میٹر بلند لہریں ساحلوں سے ٹکرا سکتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی میں 113 ملی میٹر بارش متوقع ہے اور شہر کو اربن فلڈنگ کا سامنا رہے گا۔

دوسری جانب بھارت کے محکمہ موسمیات کے مطابق اس سمندری طوفان کے نتیجیے میں ہوائیں 180 کلومیٹر فی گھنٹہ (111 میل فی گھنٹہ) کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ بھارت میں بھی ہزاروں لوگوں کو نشیبی علاقوں سے نکالا جا چکا ہے جبکہ گجرات کے ساحلی علاقوں کو بھی خالی کروا لیا گیا ہے۔

سن 2021 کی ایک تحقیق  کے مطابق بحیرہ عرب میں طوفانوں کی تعداد، دورانیے اور شدت میں 1982ء سے لے کر  2019 ء کے درمیان نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اور بھارت کے ساحلی علاقے مستقبل میں بھی ایسے سمندری طوفانوں سے متاثر ہو سکتے ہیں۔

 ا ا / ک م (اے ایف پی، ڈی پی اے، اے پی)