1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعید اجمل کی تباہ کن بولنگ انگلش کھلاڑیوں کو لے ڈوبی

17 جنوری 2012

دبئی ٹیسٹ میچ کے پہلے دن سعید اجمل کی سات وکٹوں کے نتیجے میں انگلش ٹیم 192 پر ڈھیر ہو گئی۔ پہلے دن کے اختتام پر پاکستان نے بغیر کسی نقصان کے 42 رنز بنا لیے ہیں۔

https://p.dw.com/p/13kxj
سعید اجملتصویر: DW

پہلے دن کے اختتام تک محمد حفیظ بائیس جبکہ توفیق عمر اٹھارہ کے اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ انگلینڈ کو اس وقت پاکستان پر پورے ڈیرھ سو رنز کی برتری حاصل ہے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے مابین تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے سلسلے میں دبئی میں کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ میں انگلش کپتان اینڈریو اسٹرؤس نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ بظاہر بلے بازی کے لیے موافق دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کی وکٹ پر پاکستانی اسپنرز نے انگلش کھلاڑی کو حیران و پریشان کر دیا۔

پاکستانی آل راؤنڈر محمد حفیط نے میچ کے چھٹے جبکہ اپنے پہلے اوور میں ہی السٹئیر کوک کو وکٹ کیپر عدنان اکمل کے ہاتھوں کیچ کروا دیا۔ پہلے دن کے کھیل میں دوسری انگلش وکٹ فاسٹ بولر اعزاز چیمہ نے گرائی۔ انہوں نے ٹروٹ کو سترہ کے انفرادی اسکور پر آؤٹ کیا۔ ٹروٹ کا کیچ بھی عدنان اکمل نے لیا۔

Flash-Galerie Cricket Saeed Ajmal
سعید اجمل بولنگ کرنے آئے تو انہوں نے انگلش بلے بازی کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیاتصویر: AP

بعد ازاں جب سعید اجمل بولنگ کرنے آئے تو انہوں نے انگلش بلے بازی کا شیرازہ بکھیر کر رکھ دیا۔ انہوں نے چوبیس اعشاریہ تین اوورز میں پچپن رنز کے عوض سات کھلاڑی آؤٹ کیے۔ یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی بہترین بولنگ ثابت ہوئی۔ لیگ اسپن بولرعبدالرحمان نے بھی ایک وکٹ حاصل کی جبکہ عمر گل محنت کے باوجود کسی انگلش کھلاڑی کو آؤٹ نہ کر سکے۔

انگلش بلے بازوں میں نمایاں کارکردگی وکٹ کیپر میٹ پرائر نے دکھائی۔ انہوں نے 70 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ اسپن بولر گریم سوان چونتیس رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ سوان اور پرائر نے آٹھویں وکٹ کی شراکت میں ستاون رنز بنائے۔

کرکٹ ماہرین کے بقول اس وقت پاکستانی ٹیم کے پاس اچھی کارکردگی کا مظاہرہ جاری رکھتے ہوتے انگلینڈ کو شکست دینے کا ایک سنہری موقع ہے۔ ماہرین کے مطابق اگر پاکستانی ٹیم انگلش ٹیم پر دو سو رنز کی برتری حاصل کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو انگلینڈ کے لیے’کم بیک‘ کرنا مشکل ہو جائے گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: عدنان اسحاق

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں