1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعید اجمل اپنا ایکشن درست کر سکتے ہیں، ثقلین مشتاق

عاطف بلوچ11 ستمبر 2014

سابق پاکستانی بولر ثقلین مشتاق نے کہا ہے کہ سعید اجمل پاکستانی کرکٹ کا ایک اہم سرمایہ ہیں اور وہ اپنے بولنگ ایکشن کو درست کر سکتے ہیں۔ پی سی بی نے سعید اجمل کا ایکشن ٹھیک کرانے کے لیے ثقلین مشتاق کی خدمات حاصل کی ہیں۔

https://p.dw.com/p/1DA7N
تصویر: Reuters/Dinuka Liyanawatte

بدھ 10 ستمبر کو پاکستانی قومی کرکٹ کے سابق مایہ ناز آف اسپن بولر ثقلین مشتاق نے تصدیق کی کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ان سے رابطہ کیا ہے۔ بین الاقوامی کرکٹ کونسل نے پاکستان کے 36 سالہ اسٹار بولر سعید اجمل کے بولنگ ایکشن کو مروجہ معیارات کے مطابق غلط قرار دیتے ہوئے آٹھ ستمبر کو ان پر پابندی عائد کر دی تھی تاہم سعید اجمل پُرامید ہیں کہ وہ اس تنازعے کو ختم کرتے ہوئے جلد ہی دوبارہ پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کر سکیں گے۔

برطانیہ میں مقیم ثقلین مشتاق اس وقت وہاں نوجوانوں کی کوچنگ کے فرائض سرانجام دے رہیں ہیں۔ 37 سالہ ثقلین نے کہا کہ وہ اجمل کا بولنگ ایکشن تبدیل کرانے میں ان کی بھرپور مدد کریں گے، ’’پاکستانی کرکٹ بورڈ نے مجھ سے رابطہ کیا ہے اور میں ہر ممکن مدد کے لیے دستیاب ہوں۔ سعید اجمل ایک پُرعزم کھلاڑی ہے اور وہ جلد ہی اپنے بولنگ ایکشن کو درست کر لے گا۔‘‘

Saqlain Mushtaq
اسپن بولنگ میں ’دوسرا‘ کے بانی ثقلین مشتاق برطانیہ میں مقیم ہیںتصویر: AP

اسپن بولنگ میں ’دوسرا‘ کے بانی ثقلین مشتاق نے اعتراف کیا کہ فی الحال سعید اجمل کا بولنگ ایکشن بظاہر پندرہ ڈگری کے اینگل سے تجاوز کرتا ہے، جو بین الاقوامی قوانین کے منافی ہے، ’’تاہم اس میں کوئی شک نہیں کہ وہ ایک ورلڈ کلاس بولر ہے اور اس کی عدم موجودگی پاکستانی کرکٹ کے لیے مایوسی کا سبب ہو گی۔‘‘ ان کا مزید کہنا تھا، ’’سعید اجمل کو اپنا بولنگ ایکشن بدلنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں ایک مرتبہ پھر پاکستان کی نمائندگی کر سکیں۔‘‘

ثقلین مشتاق نے ٹیسٹ کرکٹ میں 208 جبکہ ایک روزہ میچوں میں 288 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ وہ انجری کا شکار ہونے کے بعد 2004ء میں بین الاقوامی کرکٹ کو خیر باد کہہ گئے تھے۔

یہ امر اہم ہے کہ پاکستانی کرکٹ بورڈ نے سعید اجمل پر پابندی عائد کرنے کے فیصلے کو چیلنج نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کے منتظم اس ادارے کے مطابق، ’’اپیل کرنا خطرے کا باعث ہو سکتا ہے کیونکہ اگر ہماری اپیل مسترد کر دی جاتی ہے تو سعید اجمل پر ایک برس کی پابندی عائد کی جا سکتی ہے۔ بہتر یہ ہو گا کہ وہ اپنا ایکشن بدل کر آئی سی سی میں اپنے ایکشن کی پڑتال کی درخواست جمع کرائیں۔‘‘

کرکٹ کے عالمی قوانین کے مطابق سعید اجمل اپنا ایکشن بدل کر کسی وقت بھی اس پابندی پر نظر ثانی کی اپیل کر سکتے ہیں۔ سعید اجمل نے ٹیسٹ کرکٹ میں 178 جبکہ ون ڈے میچوں میں 183 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔