1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

سعودی عرب نے 2107 پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا حکم دے دیا

18 فروری 2019

پاکستانی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان نے وزیر اعظم عمران خان کی درخواست پر سعودی عرب میں قید 2107 قیدیوں کی فوری رہائی کا حکم دے دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3DZvC
Mohammad bin Salman in Pakistan Imran Khan
تصویر: Reuters

سعودی ولی عہد نے پاکستانی عوام کا دل جیت لیا ہے۔ شہزادہ  محمد بن سلمان نے کہا کہ مجھے سعودی عرب میں پاکستان کا سفیر سمجھیں۔

پاکستان کے دورے پر پہنچے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی درخواست پر نہ صرف  سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی بلکہ پاکستانی مزدوروں کو سعودی عرب میں درپیش مسائل کے معاملے کا جائزہ لینے کی بھی یقین دہانی کرائی۔

Mohammad bin Salman in Pakistan Imran Khan
تصویر: Reuters

پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس پیشرفت کی تصدیق کرتے ہوئے مزید کہا کہ سعودی عرب میں قید دیگر پاکستانیوں کے کیسز کا  مستقبل میں جائزہ لیا جائے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی بتایا پاکستان کے عوام اس فیصلے  پر بے حد خوش ہیں۔

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سعودی ولی عہد کے اس فوری اقدام پر نہ صرف ذاتی طور پر وہ خود بلکہ پاکستانی قوم بھی ان کی شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہ ہمارے لیے بہت بڑی خبر ہے، بہت سے پاکستانی خاندان جو عرصہ دراز سے درخواست کر رہے تھے، بالآخر  آج ان کی سن لی گئی۔ اس جذبہ خیر سگالی سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔‘‘ 

Kronprinz von Saudi Arabien Mohammad bin Salman in Pakistan
تصویر: picture-alliance/AA/B. Algaloud

یاد رہے کہ پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے اتوار 17 فروری کی شب مہمان شہزادہ محمد بن سلمان کو دیے گئے خصوصی عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے درخواست کی تھی کہ سعودی عرب میں قید پاکستانیوں کی رہائی پر غور کیا جائے۔ اسی عشائیےمیں عمران خان نے محمد بن سلمان سے کہا تھا کہ تین ہزار پاکستانی معمولی جرائم کے باعث سعودی جیلوں میں قید ہیں، وہ غریب اور نادار ہیں اور ان کے اہل و عیال ان کی راہ تک رہے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان نےمزید کہا، ’’میری سعودی عرب سے خصوصی درخواست ہے کہ وہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی کارکنوں اور وہاں مقید پاکستانیوں کو اپنے لوگوں کی طرح سمجھیں۔‘‘

Pakistan Saudischer Kronprinz Mohammed bin Salman zu Besuch
تصویر: picture-alliance/dpa/SPA

پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی خصوصی درخواست پر سعودی عرب کی طرف سے دوہزار سے زائد پاکستانیوں کی سعودی جیلوں سے رہائی کے حکم کو پاکستانی عوام کی طرف سے خوب سراہا جا رہا ہے۔ معروف سماجی کارکن اور دیگر ملکوں میں قید پاکستانیوں کی رہائی کے لیے کوشاں انصار برنی نے سوشل میڈیا پر اس پیشرفت کو سراہا ہے۔