سری لنکا نے اپنے ہاں ویزا فری انٹری شروع کر دی
31 جولائی 2019سری لنکا میں اس سال ایسٹر سنڈے کے موقع پر ہونے والے خودکش بم دھماکوں کے بعد ملک میں سیاحت کی صنعت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ حکومت کی کوشش ہے کہ کسی طرح غیر ملکی سیاحوں کو دوبارہ راغب کیا جائے کہ وہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں سری لنکا آئیں۔
ہمسائے سب سے پہلے کی پالیسی: نریندر مودی سری لنکا میں
مسلم مخالف فسادات میں ایک شخص ہلاک، مساجد کو نقصان
ملکی وزیر سیاحت جان اماراتُنگا نے کہا ہے کہ سیاحت یا کاروباری مقاصد کے لیے سری لنکا پہنچنے والوں کو ہوائی اڈے پر ہی ویزا جاری کر دیا جائے گا جب کہ ایسے افراد چاہیں تو سفر سے قبل آن لائن طریقے سے بھی ویزا حاصل کر سکتے ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ اقدام چھ ماہ کے لیے نافذ عمل ہے اور اس کا آغاز جمعرات یکم اگست ہو جائے گا۔
یہ بات اہم ہے کہ سری لنکا میں ہوٹلوں اور گرجا گھروں پر ایسٹر کے موقع پر ہونے والے سلسلہ وار اور منظم خودکش بم حملوں کے بعد سے وہاں جانے والے غیر ملکی سیاحوں کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ ان حملوں میں ڈھائی سو سے زائد افراد مارے گئے تھے جب کہ ان حملوں کی ذمہ داری مسلم شدت پسندوں پر عائد کی جاتی ہے۔
وزیر اعظم رانیل وکرماسنگھے نے کہا ہے کہ سری لنکا سیاحوں کے لیے اب مکمل طور پر محفوظ ہے اور سکیورٹی صورتحال دوبارہ نارمل ہو چکی ہے۔
ع ت، م م (روئٹرز، اے ایف پی)