سابق ہونڈا ٹیم ایک نئے نام سے موٹر ریسنگ 2009 میں شریک
10 مارچ 2009ہونڈا ٹیم کو برطانیہ سے تعلق رکھنے والے رَوس براؤن نے خرید لیا ہے اور اب یہ ٹیم فارمولا ون میں براؤن جی پی کے نام سے ٹیسٹ سیشن میں حصہ لے رہی ہے۔ رَوس براؤن اس سے قبل ہونڈا کی فارمولا ون ٹیم کے مینیجر کے طور پر فرائض انجام دیتے رہے ہیں۔
ہونڈا کے فارمولا ون سے دستبردار ہونے کے بعد یہ خدشات پیدا ہو گئے تھے کہ برطانوی ڈرائیور جینسن بٹن موٹر ریسنگ 2009 کے مقابلوں میں شرکت نہیں کر پائیں گے۔ جینسن بٹن کو اس سلسلے میں کم معاوضے پر رضامندی کا ہنگامی معاہدہ کرنا پڑا۔
ٹیم کے چیف ایگزیکٹیو نِک فرائی نے موجودہ سیزن میں اخراجات میں کمی کے فیصلوں کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا :’’ہم تمام ٹیموں اور ان کی مدد کا شکریہ ادا کرتے ہیں جن کی وجہ سے ٹیم سیزن میں شرکت کر پا رہی ہے۔ میں، ٹیم کے مالک رَوس براؤن اور ہمارے سات سو ملازمین ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔‘‘
نِک فرائی نے مزید تفصیلات سے تو آگاہ نہیں کیا کہ ٹیم کو کون سرمایہ فراہم کرے گا نہ یہ بتایا کہ ٹیم کا ریسنگ میں نام کیا ہو گا تاہم ان کا کہنا تھا کہ اس سلسلے میں مزید تفصیلات ’’بہت جلد‘‘ سامنے آئیں گی۔
خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ ممکنہ طور پر یہ ٹیم ’’براؤن ریسنگ‘‘ کے نام سے فارمولا ون میں شرکت کرے گی۔ اس سلسلے میں نِک فرائی نے ٹیم کے مالک رَوس براؤن کے ہمراہ فارمولا ون ٹیموں کی ایسوسی ایشن FOTA کی میٹنگ کے بعد میڈیا سے بات چیت میں کہا:’’ہماری ٹیم کو فوٹا سے مدد ملے گی۔‘‘
’’اخراجات میں کمی ہمارے لئے اگلے دو تین سالوں تک معاون رہے گی مگر اس کے ساتھ ساتھ ہمیں دیگر ٹیمیں بھی مدد فراہم کر رہی ہیں۔‘‘