1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

زمانہ بلوغت میں ملازمہ کو چھوا تھا، فلپائنی صدر

30 دسمبر 2018

فلپائنی صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے کے اس بیان کے بعد کہ انہوں نے ٹین ایج کے زمانے میں اپنی ملازمہ کو چھوا تھا، حقوق نسواں کی تنظیمیں ڈوٹیرٹے پر ریپ کی کوشش کرنے اور جنسی زیادتی کی حوصلہ افزائی کے الزامات عائد کر رہی ہیں۔

https://p.dw.com/p/3Amh6
Rodrigo Duterte Präsident Philippinen
تصویر: Getty Images/AFP/E. Acayan

فلپائن کے صدر ڈوٹیرٹے کی جانب سے گاہے بہ گاہے جنسی زیادتی اور بلوغت کے حوالے سے لطائف اور خواتین پر تبصروں پر انسانی حقوق کی تنظیموں میں غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

ابھی حال ہی میں ایک بیان میں ڈوٹیرٹے نے تفصیل سے اس اعتراف کو دہرایا جو انہوں نے ہائی اسکول کے دور میں ایک پادری کے سامنے کیا تھا کہ کیسے وہ اپنی ملازمہ کے کمرے میں اس وقت داخل ہوئے تھے، جب وہ سو رہی تھی۔

ڈوٹیرٹے نے گزشتہ ہفتے ایک تقریر کے دوران کہا،’’ میں کمرے میں داخل ہوا ، ملازمہ پر سے کمبل ہٹایا اور اسے نامناسب طور پر چھونے کی کوشش کی لیکن ملازمہ کی آنکھ کھل گئی اور وہ کمرے سے باہر چلی گئی۔‘‘ ڈوٹیرٹے کے مطابق انہوں نے یہ کوشش دوبارہ بھی کی تھی۔

خواتین کی حقوق کے لیے کام کرنے والی سیاسی جماعت گیبری ایلا نے فلپائنی صدر کے اس بیان کی مذمت کرتے ہوئے ان سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت کا کہنا ہے کہ صدر ڈوٹیرٹے نے ریپ کی کوشش کا اعتراف کیا ہے۔

Philippinen - Präsident Rodrigo Duterte
تصویر: picture alliance/ZUMAPRESS/R. Umali

تہتر سالہ ڈوٹیرٹے اس سے قبل کیتھولک چرچ کو بچوں سے زیادتی کے الزامات پر برا بھلا کہہ چکے ہیں۔ انہوں نے ایک بیان میں چرچ کو ’ منافق ترین ادارہ‘ گردانے ہوئے کہا تھا کہ اسکول کے دور میں پادریوں کے سامنے اعتراف کے دوران انہیں اور ان کے ہم جماعتوں کو کئی بار  نا مناسب طور پر چھوا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس جون میں منصب صدارت سنبھالنے والے ڈوٹیرٹے نے برسراقتدار آتے ہی منشیات کے خلاف جنگ کا اعلان کیا تھا اور تب سے اب تک ہزاروں افراد منشیات سے متعلقہ الزامات کے تحت ہلاک کئے جا چکے ہیں۔ فلپائن میں جاری اس سخت کریک ڈاؤن پر عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید بھی کی جا رہی ہے۔

صائمہ حیدر/ ع ت / نیوز ایجنسی