1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

روس کو ایک انچ بھی نہیں دیں گے، یوکرائنی وزیر اعظم کا عہد

عاطف بلوچ9 مارچ 2014

یوکرائن کے وزیر اعظم نے اس عہد کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین کا ایک انچ بھی روس کی ملکیت نہیں بننے دیں گے جبکہ امریکا نے ماسکو کو متنبہ کیا ہے کہ کریمیا کی روس کے ساتھ الحاق کی کوشش سفارتکاری کے راستے مسدود کر دے گی۔

https://p.dw.com/p/1BMRp
تصویر: Reuters

اتوار کے دن یوکرائنی وزیر اعظم آرسینی یاتسَینیُک نے کییف میں یورپ نواز ہزاروں حامیوں کی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا، ’’یہ ہمارا وطن ہے۔ ہم اس کا ایک انچ بھی کسی کو نہیں دیں گے۔ روس اور اس کے صدر کو یہ حقیقت معلوم ہونی چاہیے۔‘‘ انہوں نے یہ اعلان بھی کیا ہے کہ وہ اس معاملے پر مشاورت کے لیے امریکا کا دورہ کریں گے۔

Ukraine russische Soldaten Simferopol
کریمیا میں گیارہ فوجی چوکیوں کا کنٹرول روسی افواج کے پاس چلا گیا ہےتصویر: Reuters

دوسری طرف ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کریملن نواز مسلح افراد نے بحیرہ اسود کے کنارے واقع جزیرہ نما کریمیا کے ایک اور چیک پوائنٹ کا محاصرہ کر کے یوکرائنی فوجیوں کو بیرکوں کے اندر محصور کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اب کریمیا میں گیارہ فوجی چوکیوں کا کنٹرول روسی افواج کے پاس چلا گیا ہے۔

یوکرائن کے اس بحران کے تناظر میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے ٹیلی فون پر رابطہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کریمیا یوکرائن کا حصہ ہے اور روس کو چاہیے کہ وہاں سے اپنی افواج واپس بلا لے۔ جان کیری نے یہ بھی کہا ہے کہ واشنگٹن حکومت یوکرائن اور روس کے مابین براہ راست مکالمت کے لیے تعاون فراہم کرنے کے لیے بھی تیار ہے۔ ادھر وائٹ ہاؤس نے بتایا ہے کہ امریکی صدر باراک اوباما اس بحران کے حل کے لیے عالمی رہنماؤں سے مشاورت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔

اسی اثناء ایسی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں کہ سلامتی و تعاون کے یورپی ادارے OSCE کے معائنہ کاروں کو کریمیا میں داخل ہونے سے ایک مرتبہ پھر روک دیا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ جب ان معائنہ کاروں نے تیسری مرتبہ کریمیا میں داخل ہونے کی کوشش کی گئی تو مسلح افراد نے وارننگ کے طور پر گولیاں بھی چلائیں۔

اس کشیدگی کے باجوود کریمیا کی پارلیمنٹ مصر ہے کہ وہ روس کے ساتھ الحاق کے لیے ریفرنڈم سولہ مارچ کو ہی کرائے گی۔ اس پیشرفت پر برطانوی وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے کہا ہے کہ عالمی برداری اس ریفرنڈم کو شفاف اور غیرجانبدار قرار نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ کریمیا میں فوج کشی دراصل ماسکو کی طرف سے اس علاقے کے حالات کا غلط اندازہ لگانے کی وجہ سے کی گئی ہے۔ ولیم ہیگ نے خبردار کیا کہ روس اگر اس بحران کا سفارتی حل تلاش نہیں کرتا تو اسے سخت اقتصادی پابندیوں کا سامنا کرنے پڑے گا۔

John Kerry und Sergej Lawrow Symbolbild Lawrow droht Kerry am Telefon
امریکی وزیر خارجہ جان کیری اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے رابطے میں ہیںتصویر: picture-alliance/abaca

اس شدید عالمی دباؤ کے باوجود روسی صدر ولادیمیر پوٹن کا کہنا ہے کہ کریمیا میں روسی مفادات اور وہاں کی روسی کمیونٹی کے تحفظ کے لیے فورسز کی تعیناتی ناگزیر ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف کے بقول کریمیا کا بحران جغرافیائی وجوہات کی بنا پر مصنوعی طور پر گھڑا گیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ماسکو یوکرائن کی عبوری قیادت کے ساتھ رابطے میں ہے تاہم وہ ’انتہا پسندانہ طاقتوں‘ سے ہدایات لی رہی ہے۔

اتوار کے دن ہی کریمیا کے علاقے سواسٹوپول میں یوکرائن کے حق میں نکالی جانے والی ایک ریلی کے شرکا کو تشدد کا نشانہ بنانے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ اے ایف پی نے بتایا ہے کہ ماسکو نواز تقریباﹰ سو افراد نے اس ریلی کے بیس شرکاء کو لاٹھیوں سے مارا پیٹا۔