1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

دورہ انگلینڈ کیرئیر کا سب سے مشکل مرحلہ رہا، آفریدی

24 ستمبر 2010

پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہد آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ ان کے کیریئر کے مشکل ترین دوروں میں سے ایک رہا ہے۔ یہ دورہ بدھ کو میچ فکسنگ کے الزامات اور تحقیقات کے درمیان اختتام کو پہنچا۔

https://p.dw.com/p/PLNV
شاہد آفریدیتصویر: AP

پاکستان کو اس دورے میں انگلینڈ کے ہاتھوں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی سیریز‍ میں شکست کے ساتھ سپاٹ فکسنگ کے الزامات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

اس دورے کے اختتام پر شاہد آفریدی نے ایک انٹرویو میں کہا، ’ میرے 14 سالہ کیریئر میں یہ سب سے مشکل دورہ تھا۔ ہمارے لئے ہوٹل سے باہر نکلنا تک مشکل ہو گیاتھا۔ لوگ طرح طرح کی باتیں کرتے تھے اور کھلاڑیوں پر بہت زیادہ دباؤ تھا۔‘

آفریدی نے کہا، ’اس دورے کے مشکل بننے کی وجہ الزامات تھے۔ ٹیم کے بارے میں منفی باتیں بھی بہت زیادہ پھیلیں، جس کی وجہ سے سب پر دباؤ تھا۔ پھر بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ نہیں ٹوٹا۔’

آفریدی نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ میں ریفرل سسٹم متعارف کرایا جانا چاہئے کیونکہ امپائر ایک غلطی کھیل کا رُخ بدل سکتی ہے۔

آفریدی نے ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ متحدہ عرب امارات میں جنوبی افریقہ کے ساتھ آئندہ سیریز کے ٹیسٹ میچز کھیل سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’میں بورڈ سے بات کروں گا۔ اس میں کوئی دو رائے نہیں ہے کہ پاکستان کرکٹ ایک مشکل دور سے گزر رہی ہے اور سینئر کھلاڑیوں کو اس بحران سے نکلنے میں ٹیم کی مدد کرنا ہوگی۔‘

Pakistan Cricket Muhammad Asif
محمد آصف بھی الزامات کی زد میں ہیںتصویر: AP

آفریدی نے یہ بھی کہا کہ ان کی ٹیم نے ان حالات بھی انگلینڈ کو وَن ڈے سیریز کے دو میچز میں ہرایا، جس کے لئے کھلاڑی داد و تحسین کے مستحق ہیں۔

’نیوز آف دی ورلڈ‘ کی جانب سے میچ فکسنگ کے الزامات کے بعد پاکستانی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان سلمان بٹ سمیت محمد آصف اور محمد عامر کے ساتھ وہاب ریاض سے سکاٹ لینڈ یارڈ نے پوچھ گچھ کی۔

ان کھلاڑیوں پر ایک ٹیسٹ میچ کے دوران دانستہ نو بولز کرانے کا الزام تھا، جس کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بھی انہیں عبوری طور پر معطل کیا تاہم یہ حکم وہاب کے لئے نہیں تھا۔ نیوز آف دی ورلڈ نے الزامات پر مبنی رپورٹ 28 اگست کو شائع کی تھی۔

انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان وَن ڈے سیریز کا آخری میچ بدھ کو ساؤتھمپٹن میں کھیلا گیا، جو پاکستان 121رنز سے ہار گیا، جس سے سیریز میں جیت انگلینڈ کے نام ہوئی۔

رپورٹ: ندیم گِل

ادارت: عاطف بلوچ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں