1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

خیبرپختونخوا کے حجام ڈیزائن والی داڑھی نہیں بنائیں گے

اے ایف پی
6 مارچ 2018

پاکستان کے صوبے خیبر پختونخواہ میں حجام حضرات نے اپنی دکانوں میں داڑھی کا جدید اور فیشن ایبل خط بنانے پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان حجاموں کا کہنا ہے کہ ڈیزائن والی داڑھی تراشنا اسلامی شریعت کے خلاف ہے۔

https://p.dw.com/p/2tmIX
Pakistan Bärte Barbiere Barber
سلیمانی ہیئر ڈریسر تنظیم کے سربراہ کے مطابق داڑھی کے مختلف طرح کے ڈیزائن بنانا پیغمبر اسلام کی سنت کے خلاف ہےتصویر: Getty Images/A. Majeed

داڑھی سے متعلق ایسی پابندی قریب ایک عشرے قبل بھی خیبر پختونخوا کے صوبے میں عائد کی گئی تھی جب پاکستانی طالبان سمیت جہادی گروپوں نے صوبے کے حجاموں کو مذہب اسلام کے شرعی قوانین کے خلاف داڑھی بنانے پر شدید نتائج کی دھمکی دی تھی۔

پشاور میں سلیمانی ہیئر ڈریسر تنظیم کے سربراہ شریف کاہلو نے گزشتہ شام ایک نیوز کانفرنس میں بتایا،’’ داڑھی کے مختلف طرح کے ڈیزائن بنانا پیغمبر اسلام کی سنت کے خلاف ہے۔‘‘

کاہلو کا مزید کہنا تھا کہ ہزاروں حجاموں نے، جو اُن کی ایسوسی ایشن کے رکن بھی ہیں، اس فیصلے پر پابند رہنے کا وعدہ کیا ہے۔ علاوہ ازیں فیصلے سے متعلق گاہکوں کو صوبے بھر میں ہیئر ڈریسروں کی دکانوں میں نوٹس لگا کر آگاہ کر دیا جائے گا۔

Irak weitere Stadteile Mossuls vom IS befreit
تصویر: picture alliance/dpa/A. Jalil

شریف کاہلو کا کہنا تھا کہ اُن پر کسی جہادی گروپ کی جانب سے کوئی دباؤ نہیں ہے بلکہ یہ فیصلہ ضمیر کی آواز پر کیا گیا ہے۔ کاہلو کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہوں نے صوبے بھر میں تمام بڑے شہروں اور اضلاع کی مقامی انتظامیہ سے ملاقات کی ہے اور سب نے ہی انہیں بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے تاہم اس حکم نامے کو سرکاری حیثیت دینے سے معذرت کی ہے۔

خیال رہے کہ جہادی گروپوں نے ایک عشرے قبل خیبرپختونخوا صوبے میں حجامت بنانے کی کئی دکانوں پر حملہ کیا تھا۔ اُن کا موقف تھا کہ داڑھی منڈوانا غیر شرعی ہے۔

حالیہ چند برسوں میں پاکستان کے لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں میں مرد حضرات میں جدید فیشن کو اپنانے اور پابندی سے سیلون اور بیوٹی پارلروں میں جانے کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔ ملک میں بڑھتی ہوئی مڈل کلاس اس حوالے سے زیادہ سرگرم نظر آتی ہے۔