خواتین کے استحصال کی ویڈیو، تین مرد گرفتار
29 مئی 2017بھارتی ریاست اتر پردیش کے ایک ضلع رام پور میں یہ واقعہ پیش آیا، جہاں چند مردوں نے دو خواتین گھیر کر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کی اور اِس گھناؤنے فعل کی ویڈیو بھی بنائی۔ ٹیلی وژن پر نشر کی جانے والی ویڈیو قدرے دھندلی ہے اور مشتبہ افراد کو واضح طور پر دیکھا نہیں جا سکتا۔
اس ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ چند مرد دن دیہاڑے دو عورتوں کے ساتھ چھیڑخوانی کرنے انہیں ہراساں کرنے کے علاوہ غیر فطری سلوک روا رکھے ہوئے ہیں۔ ارد گرد لوگ بھی کھڑے ہیں لیکن خواتین کی چیخ و پکار پر کوئی دھیان نہیں دے رہا بلکہ قہقہے لگانے کی آوازیں بھی سنی جا سکتی ہیں۔
ان مردوں نے ان خواتین کے ساتھ کیے جانے والے اس سلوک کی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر جاری کر دی۔ ان عورتوں کی شناخت اور عمریں بتائی نہیں گئی ہیں۔
اتر پردیش کے ضلع رام پور کی پولیس کے سینیئر اہلکار محمد طارق نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ اس واقعے کی ویڈیو کا بھرپور جائزہ لینے کے بعد تین افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ طارق کے مطابق اس واردات میں چار مرکزی ملزمان ہیں اور ان کی بھی تلاش جاری ہے۔ پولیس اس واقعے کی مزید تفتیش بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
این ڈی ٹی وی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے استحصال کا شکار ہونے والی ایک خاتون نے کہا کہ انہوں نے لوگوں سے بھی مدد مانگی لیکن نہ زیادتی کرنے والوں نے انہیں چھوڑا اور نہ ہی کوئی مدد کے لیے آگے بڑھا۔
اتر پردیش کے نئے وزیراعلیٰ یوگی ادیتہ ناتھ نے خواتین کے ساتھ زیادتی و ہراساں کرنے کے لیے مختلف شہروں کی سڑکوں اور گلیوں میں پولیس کو گشت کرنے کا حکم دے رکھا ہے۔