1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جوبائیڈن کا بھارت کے ساتھ تجارت بڑھانے پر زور

ارسلان خالد24 جولائی 2013

امریکی نائب صدر جو بائیڈن ان دنوں بھارت کے چار روزہ دورے پر ہیں۔ توقع ہے کہ وہ بھارت پر زور دیں گے کہ وہ غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے کھولے تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکے۔

https://p.dw.com/p/19Deh
تصویر: Reuters

جو بائیڈن گزشتہ تین دہائیوں میں بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے امریکی نائب صدر ہیں۔ وہ گزشتہ شام دہلی سے ممبئی پہنچے، جہاں وہ آج ممبئی اسٹاک ایکسچینج کا دورہ کریں گے اور ارکان سے دو طرفہ تجارت کو بڑھانے کے حوالے سے خطاب کریں گے۔ دونوں ممالک کے درمیان 1995 میں تجارت نو ارب ڈالر تھی، جو بڑھ کر آج سن 2013 میں 100 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔

امریکی نائب صدر چار روزہ دورے پر پیر کی شام دہلی پہنچے تھے، جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم من موہن سنگھ اور دیگر سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات میں افغانستان کے اقتصادی معاملات اور سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے کہ بھارت نے افغانستان میں دو ارب امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کر رکھی ہے اور اسے یہ خدشہ ہے کہ 2014 میں امریکہ کے جانے کے بعد وہاں طالبان آ جائیں گے۔

بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ
بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھتصویر: picture alliance/AP

اپنے دورے سے قبل جو بائیڈن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کی دو بڑی جمہوریتوں میں ساتھ مل کر کام کرنے کی زبردست صلاحیت ہے لیکن اس ضمن میں مزید کام کی ضرورت ہے۔

اس کے ساتھ ہی انھوں نے بعض شعبوں کا ذکر کیا اور کہا کہ امریکا چاہتا ہے کہ بھارت امریکی کمپنیوں کو زیادہ رسائی دے۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان جو تاریخی جوہری سمجھوتہ ہوا ہے، اس سے جو فوائد حاصل ہونے چاہییں تھے، وہ نہیں ہوئے۔

بھارتی وزیر برائے تجارت اورمالیات رواں مہینے واشنگٹن میں تھے، جہاں انہوں نے بھارت کی دو طرفہ تجارت پر آمادگی ظاہر کی تھی جس کے بعد معاملات آگے بڑھےتھے۔

جو بائیڈن جمرات کو بھارت سے سنگاپور روانہ ہوں گے۔

.