جرمن وزیر خارجہ کا دورہ ہیٹی
17 جولائی 2011جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کے دورے کا مقصد زلزلے سے تباہ حال اس ملک میں جرمنی کے تعاون سے چلنے والے تعمیر نو کے منصوبوں کا جائزہ لینا ہے۔ ہیٹی کے صدر مشل مارٹیلی سے بات چیت میں بھی تعمیر نو کے موضوع کو ہی مرکزی حیثیت حاصل رہے گی۔ ویسٹر ویلے نے ہیٹی پہنچنے سے قبل ہی اس ملک کے لیے مزید جرمن امداد کا وعدہ کیا ہے۔ ہیٹی میں جنوری 2010ء میں آنے والے زلزلے میں دو لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ساتھ ہی کئی شہروں کا بنیادی ڈھانچہ تقریباً تباہ ہوگیا تھا۔
ہیٹی میں صدر مشل مارٹیلی نے مئی میں حلف اٹھایا تھا تاہم ابھی تک وہ کابینہ تشکیل دینے میں کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ گیڈو ویسٹر ویلے کے بقول ہیٹی میں حکومت سازی کے عمل کو فوری طور پر مکمل ہو جانا چاہیے۔ میکسیکو سے ہیٹی کے لیے روانہ ہونے سے کچھ دیر قبل جرمن وزیرخارجہ نے کہا کہ ہیٹی کو اپنی مشکلات سے باہر نکلنے کے لیے خود ہی کوششیں کرنا ہوں گی۔ مزید یہ کہ اس سلسلے میں ایک مضبوط حکومت کا ہونا بہت ضروری ہے۔
ہیٹی میں ڈیڑھ برس پہلے آنے والے زلزلے کے بعد ابھی تک دس لاکھ سے زائد افراد بے گھر ہیں۔ جرمن وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ جرمن حکومت ہیٹی کے عوام کو بھولی نہیں ہے۔ ہیٹی جرمن وزیر خارجہ کے امریکی ممالک کے دورے کا آخری پڑاؤ ہے۔ اس سے قبل وہ ریاست ہائے متحدہ امریکہ، کولمبیا اور میکسیکو کا دورہ کر چکے ہیں۔
رپورٹ : عدنان اسحاق
ادارت: شامل شمس