1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جرمن زبان کا طویل ترین لفظ اور چند دیگر دلچسپ حقائق

مقبول ملک سوَین ٹؤنیگیس / ع س
27 ستمبر 2020

دنیا بھر میں ایک سو تیس ملین انسان مادری یا دوسری زبان کے طور پر جرمن بولتے ہیں۔ مختلف ممالک میں اس وقت جرمن زبان سیکھنے والوں کی مجموعی تعداد پندرہ ملین سے زائد ہے۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ طویل ترین جرمن لفظ کون سا ہے؟

https://p.dw.com/p/3j4MF
وسطی ایشیائی جمہوریہ قزاقستان کے ایک اسکول میں جرمن زبان کی کلاس کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/dpa/P. Grimm

جرمن زبان کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے الفاظ کے معنی اور گرامر بدلتے رہتے ہیں۔ دنیا کی دیگر بڑی زبانوں کی طرح جرمن زبان بولنے والوں میں بہت بڑی اکثریت ایسے انسانوں کی ہے، جن کی یہ مادری زبان ہے۔ لیکن دنیا بھر میں انسانوں کی بہت بڑی تعداد ایسی بھی ہے، جن کے لیے جرمن دوسری یعنی تعلیمی حوالے سے باقاعدہ سیکھی گئی زبان ہے۔

جرمن بولنے والوں کی تعداد

جرمن زبان جرمنی، آسٹریا اور سوئٹزرلینڈ کے علاوہ پورے لکسمبرگ اور اٹلی کے چند حصوں میں بھی بولی جاتی ہے۔ اس کے علاوہ چیک جمہوریہ، ڈنمارک، بیلجیم، ہالینڈ اور فرانس کے کچھ علاقوں میں ایسی جرمن نسلی اقلیتیں بھی آباد ہیں، جن کی مادری زبان جرمن ہے۔

اس وقت دنیا بھر میں مادری یا دوسری زبان کے طور پر جرمن بولنے والوں کی تعداد 130 ملین بنتی ہے۔ مختلف براعظموں میں ایسے انسان جنہوں نے زندگی میں کبھی نہ کبھی کسی حد تک جرمن سیکھی، ان کی مجموعی تعداد 290 ملین کے قریب ہے۔

Deutschland Rheinstetten | Deutschunterricht
جرمنی کے تقریباﹰ سبھی شہروں میں غیر ملکیوں کو جرمن زبان سکھائی جاتی ہے، خاص طور پر غیر ملکی مہاجرین کے رہائشی مراکز میںتصویر: Imago Images/G. Alabiso

پانچ یورپی ممالک کی سرکاری زبان

عالمی سطح پر اگر اپنی مادری زبان بولنے والے انسانوں کی زیادہ سے زیادہ مجموعی تعداد کو دیکھا جائے، تو جرمن 11 ویں نمبر پر آتی ہے۔ یورپی یونین میں یہ سب سے زیادہ بولی جانے والی مادری زبان بھی اس لیے ہے کہ جرمنی آبادی کے لحاظ سے یورپی یونین کا سب سے بڑا ملک ہے۔

مجموعی طور پر جرمن جرمنی کے علاوہ پانچ دیگر یورپی ممالک کی سرکاری زبان بھی ہے اور یورپی یونین کی سرکاری زبانوں میں سے ایک بھی۔

جرمن سیکھنے والوں کی تعداد

برلن میں وفاقی دفتر خارجہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس وقت دنیا بھر میں 15.4 ملین انسان جرمن زبان سیکھ رہے ہیں۔ وہ یہ زبان یا تو اپنے اپنے ممالک میں گوئٹے انسٹیٹیوٹ کہلانے والے جرمن ثقافتی مراکز کے ذریعے سیکھ رہے ہیں یا پھر جرمنی کے بین الاقوامی نشریاتی ادارے ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) کی ویب سائٹ کے ذریعے، جس نے درجنوں مختلف ممالک کے مادری زبانیں بولنے والے شہریوں کے لیے انہیں انہی کی زبانوں میں جرمن سکھانے کا اہتمام کر رکھا ہے۔

Namibia Windhoek Goethe Institut
افریقہ میں نمیبیا کے دارالحکومت میں قائم گوئٹے انسٹیٹیوٹ جہاں مقامی باشندے جرمن زبان سیکھ سکتے ہیںتصویر: picture-alliance/imagebroker/O. Gerhard

ان زبانوں میں پاکستان کی قومی زبان اردو بھی شامل ہے اور اردو بولنے والے ڈی ڈبلیو کی اردو ویب سائٹ کے ذریعے بھی جرمن سیکھ سکتے ہیں۔

جرمن زبان کہاں زیادہ سیکھی جا رہی ہے؟

جرمن سیکھنے والے زیادہ تر غیر ملکی آج بھی یورپی باشندے ہی ہیں۔ ان کے علاوہ افریقہ میں جرمن سیکھنے والوں کی تعداد گزشتہ چند برسوں میں بڑھ کر ڈیڑھ گنا ہو چکی ہے۔ مصر، آئیوری کوسٹ اور الجزائر وہ ممالک ہیں، جہاں 'ڈوئچ‘ یعنی جرمن سیکھنے والوں کی تعداد بڑھ کر 150 فیصد سے بھی زائد ہو چکی ہے۔

ایشیا میں جرمن سیکھنے میں سب سے زیادہ دلچسپی چینی باشندے دکھا رہے ہیں۔ امریکا میں بھی بہت بڑی تعداد میں جرمن سیکھنے والے موجود ہیں، تاہم گزشتہ چند برسوں میں ان کی تعداد مقابلتاﹰ کم ہوئی ہے۔

جرمن زبان کا طویل ترین لفظ

جرمن زبان میں یہ اصول عام ہے کہ کئی مختلف الفاظ کو ملا کر مرکب الفاظ یا ترکیبیں بنا لی جاتی ہیں۔ یوں ایسے الفاظ بھی وجود میں آتے ہیں، جو بہت طویل ہوتے ہیں۔ جرمن زبان کا طویل ترین لفظ 79 حروف پر مشتمل ہے، جو Rinderkennzeichnungsfleischetikettierungsüberwachungsaufgabenübertragungsgesetz ہے۔ اس لفظ کا مطلب ہے: ''مختلف طرح کے مویشیوں کے گوشت کی پہچان کے لیے ان پر لگائے جانے والے امتیازی تحریری نشانات کی نگرانی سے متعلقہ فرائض کی منتقلی کا قانون۔‘‘

اس طرح جرمن زبان کے اس ایک لفظ کا اردو میں لغوی مطلب کم از کم بھی ستائیس الفاظ کے ساتھ ممکن ہو سکا اور ابھی اس ایک لفظ کی کوئی تشریح نہیں کی گئی۔

سب سے زیادہ استعمال ہونے والے حرف

جرمن چاہے ہاتھ سے لکھی جائے یا فون یا کمپیوٹر پر ٹائپ کی جائے، اس زبان کا سب سے زیادہ استعمال ہونے والا حرف 'ای‘ (E) ہے۔ اسی لیے ناقابل یقین بات یہ بھی ہے کہ کمپیوٹر کے کسی جرمن کی بورڈ پر اگر کوئی ایک حرف سب سے پہلے ٹوٹتا ہے، تو وہ زیادہ تر 'ای‘ ہوتا ہے۔ اس لیے کہ یہ حرف جرمن میں لکھے گئے کسی بھی طوالت کے متن میں سب سے زیادہ دہرایا جانے والا حرف بھی ہوتا ہے۔

لسانیاتی ماہرین کے مطابق جرمن میں لکھی گئی کسی بھی تحریر مین 'ای‘ اتنی زیادہ مرتبہ استعمال ہوتا ہے کہ کسی بھی تحریر کا 17.5 فیصد حصہ اسی ایک حرف کی وجہ سے وجود میں آتا ہے۔ اسی لیے محاورے کے طور پر یہ بھی کہا جاتا ہے، ''حروف تہجی میں سے 'ای‘ کے بغیر تو جرمنوں کے منہ سے کوئی جملہ نکلتا ہی نہیں۔‘‘

سب سے کم استعمال ہونے والا حرف

جرمن زبان میں سب سے کم استعمال ہونے والا حرف 'کیو‘ (Q) ہے۔ اسی لیے جرمن کی بورڈ پر 'کیو‘ کی کی بہت ہی کم استعمال میں آتی ہے۔ لسانیاتی ارتقاء اور لسانیاتی اعداد و شمار کے محققین کے مطابق 'کیو‘ جرمن زبان میں اتنا کم استعمال ہوتا ہے کہ اوسطاﹰ اگر پانچ ہزار حروف ٹائپ کیے جائیں، تو ان میں صرف ایک مرتبہ کہیں 'کیو‘ نظر آئے گا۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں