جرمنی: کم از کم اجرت کو یقینی بنانے کے لیے چھاپے
11 ستمبر 2018جرمن حکام کم از کم اجرت کے نفاذ کے قانون کو مکمل طور پر لاگو کرنے کے لیے پہلی ملک گیر کارروائی شروع کر دی ہے۔ اس سلسلے میں ملکی مالیاتی شعبے کے چھ ہزار سے زائد انسپکٹر مختلف مقامات پر چھاپے ماریں گے اور یہ یقینی بنائیں گے کہ تمام مزدوروں کو تقریباً آٹھ یورو اور چوراسی سینٹ فی گھنٹہ سے کم ادا نہ کیے جا رہے ہیں۔ ان میں وہ افراد بھی شامل ہیں، جنہیں غیر قانونی طور پر کام پر رکھا گیا ہے۔
یہ آپریشن وفاقی کسٹم سروس کی جانب سے کیا جا رہا ہے، جو وزارت مالیات کا حصہ ہے۔
جرمن وزارت مالیات کو 2017ء میں اس قانون پر عمل درآمد نہ کرنے کی وجہ سے ٹیکس کی مد میں ایک ارب یورو تک کا نقصان ہوا ہے۔ ماہرین کی رائے میں کم از کم اجرت کے قانون کی خلاف ورزی اور غیر قانونی ملازمتوں کی وجہ سے ہونے والا اصل نقصان اس سے کہیں زیادہ ہے۔
وفاق وزیر مالیات اولاف شُلز چاہتے ہیں کہ مالیاتی امور کی نگرانی کرنے والے ادارے (ایف کے ایس) میں افرادی قوت کو 2012ء تک چھ ہزار آٹھ سو سے بڑھا کر آٹھ ہزار پانچ سو کر دیا جائے۔ اس سال کے آغاز میں جرمن ٹریڈ یونین اتحاد کی جانب سے اس موضوع پر ایک جائزہ مرتب کرایا گیا تھا، جس کے مطابق تقریباً ستائیس لاکھ افراد کو قانون کے مطابق فی گھنٹہ اجرت نہیں دی جاتی۔