جرمنی میں ہڑتال، پلبک ٹرانسپورٹ بند، پروازیں منسوخ
10 اپریل 2018جرمنی کی لیبر یونین ’ویرڈی‘ کے مطابق آج دس اپریل بروز منگل فرینکفرٹ، میونخ، کولن بون اور بریمن کے ہوائی اڈوں پر کام نہیں کیا جائے گا۔ اس صورتحال پر جرمن فضائی کمپنی لفتھانزا کو اپنی آٹھ سو سے زائد پروازیں منسوخ کرنے کا اعلان کرنا پڑا جن میں اٹھاون بین الاقوامی پروازیں بھی شامل ہیں۔
حکام کے مطابق آج پروازوں کی منسوخی کے باعث نوے ہزار سے زائد مسافر متاثر ہوئے ہیں۔ ویرڈی کے مطابق آج ہوائی اڈوں پر گراؤنڈ عملہ، کسٹمر سپورٹ اور بعض جگہوں پر فائر بریگیڈ عملہ بھی ہڑتال پر ہے۔
لیبر یونین کی جانب سے اس ایک روزہ ’تنبیہی ہڑتال‘ کے باعث کئی جرمن صوبوں میں پبلک ٹرانسپورٹ، عوامی سوئمنگ پولز کے علاوہ چائلڈ کیئر سینٹرز بھی بند ہیں۔
وفاقی جرمن ریاست نارتھ رائن ویسٹ فیلیا اور باڈن وورٹمربگ کے متعدد شہروں میں بھی آج پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔ ویرڈی اس شعبے کے تقریباً تیئس لاکھ ملازمین کی تنخواہوں میں چھ فیصد اضافے کا مطالبہ کر رہی ہے۔
ش ح/ ع ا (ڈی پی اے)