1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجرمنی

جرمنی: مسافروں کی ایئر پورٹ پر ہی کورونا ٹیسٹنگ کی تیاری

23 جولائی 2020

جرمنی میں حکام نے کورونا وائرس کے ہائی رسک ممالک سے آنے والے مسافروں کا ہوائی اڈے پر ہی کووڈ 19 کے ٹیسٹ کا منصوبہ تیار کیا ہے جسے سرکاری سطح پر جلد ہی نافذ کر دیا جائیگا۔

https://p.dw.com/p/3fikg
Deutschland Symbolbild Corona-Tests
تصویر: picture-alliance/dpa/B. Pedersen

جرمنی کی مختلف ریاستوں کے وزرائے صحت نے فیصلہ کیا ہے کہ اگر کوئی مسافر ایسے ملک سے جرمنی میں داخل ہوتا ہے جہاں کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا خدشہ زیادہ ہوں، تو ایسے شخص کو ایئر پورٹ پر ہی کووڈ 19 کا ٹیسٹ کرانا لازمی ہوگا۔ اس سلسلے میں بدھ 22 جولائی کو ایک ورچوول کانفرنس میں وفاقی وزیر صحت جینز اسپھان کے علاوہ 16 ریاستوں کے وزرائے صحت نے شرکت کی اور سبھی نے اس تجویز سے اتفاق کیا۔

حکام نے ایئر پورٹ پر کووڈ 19 کے ٹیسٹ سے فرانس، اسپین، اور یونان جیسے ممالک سے آنے والے مسافروں کو استثنی رکھا ہے جہاں اب کورونا وائرس کی وبا قابو میں ہے۔ ابھی اس تجویز کو عملی جامہ پہنانے کے لیے مزید گفت و شنید کی بھی ضرورت ہے اس لیے سرکاری سطح پر اسے ابھی حتمی شکل دینا باقی ہے۔

جرمنی میں امراض پر کنٹرول کے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے مطابق دنیا کے بیشتر ممالک اب بھی کووڈ 19 سے ہائی رسک والے ہیں اور اس لیے اگر جرمن شہری بھی ایسے بیرونی ممالک کے سفر سے واپس آئیں تو ان کا بھی ایئر پورٹ پر ہی ٹیسٹ کیا جائے۔

ادھر جرمنی میں ہوائی اڈوں نے حکومت کے اس منصوبے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیسٹنگ کی یہ ذمہ داری خود سرکاری حکام کی ہونی چاہیے اور ایئر پورٹ کے اسٹاف کو اس سے مستشنی رکھا جائے۔ جرمن ایئر پورٹ ایسو سی ایشین کی جانب سے ایک بیان میں کہا گیا، ''اگر محکمہ صحت کے حکام کسی بھی طرح کا فوری ٹیسٹ چاہتے ہیں تو اسے سرکاری حکام کی جانب سے کیا جا نا چاہیے۔ اور پھر جو مسافر پازیٹیو پائے جائیں ان سے نمٹنے کا بھی خاطر خواہ انتظام ہونا چاہیے۔''

جرمنی میں موجودہ اصول و ضوابط کے تحت باہر سے آنے والے مسافروں کو  14 روز کے لیے خود کو قرنطینہ میں رہنا ہوتا ہے تاہم اس پر عمل کروانا آسان کام نہیں ہے۔ 

ریاست باویریا کے وزیر اعلی مارکس سوڈر نے اتوار کے روز کہا تھا کہ حکام باویریا کے تمام ایئر پورٹ پر ٹیسٹ سینٹر قائم کرنے کے کام میں مصروف ہیں، ''جہاں کسی کو بھی کسی بھی وقت مفت ٹیسٹ کیا جا سکتا ہے۔''

یورپ کے بیشتر حصوں میں کورونا وائرس کی وبا کے کمزور پڑنے کے ساتھ ہی جرمنی نے بھی سفری پابندیوں میں نرمی کا اعلان کیا تھا کیونکہ بہت سے جرمن شہری چھٹیوں میں اپنی پسندیدہ مقامات کی سیر کرنا چاہتے تھے۔ لیکن میڈیا کی ان رپورٹ کے بعد کہ اسپین کے جزیرہ ملوکا

 میں ہونے والی وائلڈ پارٹیز میں شرکاء ماسک پہننے یا پھر سوشل ڈسٹینسنگ جیسے اصول و ضوابط کا خیال نہیں رکھتے، کئی حلقوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ اسپین کا یہ جزیرہ جرمن سیاحوں میں کافی مقبول ہے۔

ص ز/ ج ا (ڈی پی اے، روئٹرز) 

جرمنی: کورونا وائرس کی ایک اور دوا کے تجربات کی منظوری

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں