جرمنی: آٹھ سالہ بچہ کار موٹر وے پر لے آیا
22 اگست 2019جرمن پولیس کے مطابق یہ واقعہ ڈورٹمنڈ شہر کے قریب بدھ اور جمعرات 22 اگست کی درمیانی شب پیش آیا۔ بچے کی ماں نے رات ساڑھے بارہ بجے پولیس کو کار اور بچے کی گمشدگی کی اطلاع دی۔ قریب ایک گھنٹے بعد بچہ ڈورٹمنڈ کے قریب موٹر وے پر گاڑی سمیت مل گیا۔
نیوز ایجنسی ڈی پی اے کے مطابق بچہ سؤسٹ نامی قصبے میں موجود اپنے گھر سے اپنی ماں کی آٹومیٹک کار چلا کر نکلا اور موٹروے پر ڈورٹمنڈ شہر کی جانب روانہ ہو گیا۔ تیز رفتار جرمن موٹر وے یا آٹوبان پر 140 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے کار چلاتے ہوئے بچے کی طبیعت خراب ہو گئی تو اس نے موٹروے پر آٹھ کلو میٹر فاصلہ طے کرنے کے بعد گاڑی سڑک کنارے روک دی۔
سڑک کنارے کھڑے ہو کر کم سن ڈرائیور نے قانونی ضوابط کے مطابق نہ صرف کار کی پارکنگ لائٹس جلائیں بلکہ دیگر گاڑیوں کو خبردار کرنے کے لیے تکون بھی اپنی پارک کردہ گاڑی کے پیچھے رکھ دی۔
ماں کے بعد جب پولیس موقع پر پہنچی تو خوف زدہ بچے نے روتے ہوئے پولیس کو کہا، ''میں تو صرف تھوڑی سی ڈرائیو کرنا چاہتا تھا۔‘‘
پولیس نے سوشل میڈیا پر اپنی پوسٹ میں اس بچے کا بیان بھی تحریر کیا اور بتایا کے موٹر وے پر رات کی تاریکی میں بچہ ایک سو چالیس کلو میٹر کی رفتار پر گاڑی چلا رہا تھا۔
بہرحال اس تمام صورت حال میں اچھی بات یہ رہی کہ خطرہ مول لینے والے بچے سمیت کسی شخص یا اس کے راستے میں آنے والی دیگر گاڑیوں سمیت کسی کو بھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
جان سلک (ش ح / ا ب ا)