1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
معاشرہجاپان

جاپان: ہیلتھ سپلیمنٹس کی وجہ سے 5 افراد ہلاک، متعدد بیمار

30 مارچ 2024

ان ہیلتھ سپلیمنٹس کے اجزا میں بینیکوجی نام کی ایک پھپھوندی شامل ہے جو مبینہ طور پانچ افراد کی موت اور دیگر سوا سو لوگوں کی بیماری کی وجہ ہے۔

https://p.dw.com/p/4eGzA
Japan | Gesundheitsministerium inspiziert Fabrik von Kobayashi Pharmaceutical
تصویر: Naoya Masuda/AP Photo/picture alliance

جاپانی حکام کی جانب سے آج بروز ہفتہ ایک دوا ساز کمپنی پر چھاپہ مارا گیا۔ مبینہ طور پر اس کمپنی کے ہیلتھ سپلیمنٹس کے استعمال سے پانچ افراد ہلاک اور سو سے زائد کو ہسپتال میں بھرتی ہونا پڑا۔

جاپانی میڈیا کے مطابق صحت کے شعبے سے منسلک تقریبا ایک درجن کے قریب اہلکاروں نے کوبایشی فارماسیوٹیکل کمپنی کے اوساکا پلانٹ پر چھاپہ مارا۔

اس کمپنی کے جس سپلیمنٹ کے بارے میں جانچ پڑتال کی جارہی ہے وہ ایک گلابی رنگ کی گولی ہے، جسے بینیکوجی کولیسٹ ہیلپ کے نام سے جانا جاتا ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ گولی انسانی جسم میں کولیسٹرول کی مقدار کو کنٹرول کرنے میں مدد کرتی ہے۔ اس گولی کے اہم اجزا میں ایک لال رنگ کی پھپھوندی شامل ہے جس کا نام بینیکوجی بتایا جارہا ہے۔

متعلقہ کمپنی کا بیانیہ یہ ہے کہ انہیں انہلاکتوں اور بیماری کی وجہ کے متعلق ابھی کوئی علم نہیں ہے۔ یاد رہے کہ اس سپلیمنٹ کے سائیڈ افیکٹس میں گردوں کا فیل ہونا بھی شامل ہے۔ کمپنی کے مطابق وہ فی الحال جاپان کی حکومت کی مدد سے دوا کے مضر اثرات کی بابت چھان بین کرنے میں مصروف ہیں۔

Japan | Gesundheitsministerium inspiziert Fabrik von Kobayashi Pharmaceutical
جاپانی میڈیا کے مطابق صحت کے شعبے سے منسلک تقریبا ایک درجن کے قریب اہلکاروں نے کوبایشی فارماسیوٹیکل کمپنی کے اوساکا پلانٹ پر چھاپہ مارا۔تصویر: Naoki Otsuka/AP Photo/picture alliance

بینیکوجی، کب، کہاں اور کیسے؟

ہالانکہ بینیکوجی نامی یہ مولڈ کئی دوائیوں میں سالوں سے استعمال ہورہی ہے تاہم اس کے منفی اثرات 2023 میں سامنے آنا شروع ہوئے۔

کوبایشی فارماسیوٹیکل نے اس گولی سے جڑے صحت کے مسائل کی رپورٹس کے دو ماہ بعد 22 مارچ کو اس گولی کو مارکیٹس سے واپس منگوانا شروع کر دیا تھا۔ اس کمپنی کے صدر اکیریو کوبیاشی نے جلد حفاظتی اقدامات نا  اٹھا سکنے پر معذرت بھی کی۔

اس دوا ساز کمپنی کے مطابق اس نے پچھلے تین سالوں میں ان گولیوں کے ایک ملین سے زیادہ پیکٹ فروخت کیے ہیں۔ یہ دوا عوام کے علاوہ دیگر مینوفیکچررز کو بھی فروخت کی جاتی رہی ہے۔

دوسری جانب جاپان کی وزارت صحت کے مطابق یہ ہیلتھ سپلیمنٹس حالیہ اموات کی وجہ ہیں اور ساتھ ہی خبردار بھی کیا ہے کہ متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

ر ب/ ش ر (رائٹرز)