جاپان کے تعاون سے بھارت میں پہلی بلٹ ٹرین ریاست گجرات میں
10 ستمبر 2017گجرات کے سب سے بڑے شہر احمد آباد سے اتوار 10 ستمبر کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق بھارت کو، جو آبادی کے لحاظ سے دنیا کا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے، ہر روز ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرنے والے اپنے کروڑوں شہریوں کے لیے ایک زیادہ مؤثر اور تیز رفتار ریلوے نیٹ ورک کی ضرورت ہے۔
بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے 2014ء میں اپنی پارٹی کی بہت بڑی انتخابی کامیابی سے پہلے عوام سے وعدے کیے تھے کہ وہ ملکی ریلوے نظام میں اربوں ڈالر کی نئی سرمایہ کاری کو یقینی بناتے ہوئے اسے جدید تر بنائیں گے۔ اسی سلسلے میں انہوں نے بھارتی ووٹروں سے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ وہ ملک میں انتہائی تیز رفتار بلٹ ٹرین بھی متعارف کرائیں گے۔
اس جنوبی ایشیائی ملک میں بلٹ ٹرین کے اولین منصوبے کے ذریعے ملکی مالیاتی مرکز ممبئی کو گجرات کے دارالحکومت احمد آباد سے جوڑ دیا جائے گا۔ خود مودی کا تعلق بھی ریاست گجرات ہی سے ہے۔ مودی جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے کے ساتھ مل کر جمعرات چودہ ستمبر کو اس منصوبے پر کام کا باقاعدہ افتتاح کریں گے۔ عالمی سطح پر جاپان کو انتہائی تیز رفتار بلٹ ٹرینوں کی اولین تیاری میں باقی ملکوں پر سبقت لے جانے والا ملک سمجھا جاتا ہے اور جاپان کی شِن کان سَین ریل گاڑی ابھی بھی دنیا کی تیز رفتار ترین ٹرینوں میں شمار ہوتی ہے۔
’بلٹ ٹرین کے بعد اقتصادی ترقی گولی کی رفتار سے آگے بڑھے گی‘
بھارت کی پہلی بلٹ ٹرین، کابینہ میں جاپانی پیشکش کی منظوری
بلٹ ٹرین کے لیے جاپان کا بھارت کو آسان قرضہ
احمد آباد میں گجرات کی ریاستی حکومت کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق یہ منصوبہ دسمبر 2023ء تک مکمل ہو گا، اس پر 19 ارب ڈالر کے برابر لاگت آئے گی اور ان رقوم میں سے 85 فیصد جاپان کی طرف سے بھارت کو نرم قرضوں کی صورت میں مہیا کی جائیں گی۔
یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ممبئی سے احمد آباد جاتے ہوئے ریل گاڑی کے ذریعے یہ فاصلہ اب تک قریب آٹھ گھنٹوں میں طے ہوتا ہے۔ ان دونوں شہروں کے بلٹ ٹرین کے ذریعے جوڑ دیے جانے کے بعد یہی مسافت زیادہ سے زیادہ تین سے لے کر ساڑھے تین گھنٹوں میں طے کی جا سکے گی۔ اس کا مطلب یہ کہ بلٹ ٹرین کے ذریعے ممبئی اور احمد آباد کے درمیان سفر اب تک کے مقابلے میں لازمی طور پر نصف سے بھی کم وقت میں کیا جا سکے گا۔
بھارت میں روایتی ریل گاڑیوں کا نیٹ ورک فاصلے کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا سب سے بڑا نیٹ ورک ہے اور اندرون ملک سفر کے لیے زمینی اور فضائی ذرائع سے آمد و رفت کے برعکس یہی نیٹ و رک سب سے زیادہ استعمال ہوتا ہے۔ بھارت میں ہر روز قریب سوا دو کروڑ شہری ریل گاڑیوں کے ذریعے سفر کرتے ہیں۔
جاپانی وزیر اعظم کے دورہ بھارت کے دوران نئی دہلی اور ٹوکیو کے مابین کئی معاہدوں پر دستخط بھی کیے جائیں گے۔ شینزو آبے گجرات میں ایک نئے جاپانی صنعتی پارک کا افتتاح بھی کریں گے۔ گجرات ہی میں جاپانی کار ساز اداروں ہونڈا اور سوزوکی نے پہلے ہی اپنے پیداواری یونٹ بھی قائم کر رکھے ہیں۔