1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

جاسوسی کا الزام: امريکی شہری کو روس ميں 16 برس قيد کی سزا

15 جون 2020

ايک روسی عدالت نے پير کو اپنے ايک متنازعہ فيصلے ميں سلامتی کے شعبے سے وابستہ ايک امريکی شہری کو جاسوسی کے جرم ميں سولہ سال قيد کی سزا سنا دی ہے۔ امريکا نے پال ويہلن کی سزا پر شديد رد عمل ظاہر کيا ہے۔

https://p.dw.com/p/3dn8Q
Paul Whelan USA Prozess Spionage
تصویر: picture alliance/AP Photo/A. Zemlianichenko

ماسکو سٹی کورٹ نے پندرہ جون کو سنائے گئے فيصلے ميں سکيورٹی ايگزيکيٹو پال ويہلن کو سولہ برس قيد کی سزا سنائی۔ ويہلن کو جاسوسی کا جرم ثابت ہونے پر يہ سزا سنائی گئی۔ فيصلے کے تحت پال ويہلن يہ سزا سخت نگرانی والی ايک جيل ميں کاٹيں گے۔ روس ميں اس امريکی شہری کے خلاف مقدمے کی سماعت بند دروازوں کے پیچھے ہوئی اور حکام کا اصرار ہے کہ سلامتی سے متعلق وجوہات کی بنا پر يہ ناگزير تھا۔

پال ويہلن کو دسمبر سن دو ہزار اٹھارہ ميں ماسکو سے گرفتار کيا گيا تھا۔ وہ اس وقت اپنے ايک دوست کی شادی کے سلسلے ميں روس گئے تھے۔ سابق ميرين کور کے رکن پچاس سالہ ويہلن کا تعلق مشيگن سے ہے۔ وہ مسلسل کہتے آئے ہيں کہ وہ بے گناہ ہيں اور انہيں جاسوسی کے جھوٹے کيس ميں پھنسايا گيا ہے۔ پال ويہلن کے بھائی کا کہنا ہے کہ ان کے وکلاء  فيصلے کے خلاف اپيل کريں گے۔ انہوں نے پندرہ جون کو سنائے گئے عدالتی فيصلے کو سياسی قرار ديا۔

روس ميں تعينات امريکی سفير جان ساليون
روس ميں تعينات امريکی سفير جان ساليون تصویر: Reuters/M. Shemetov

روس ميں تعينات امريکی سفير جان ساليون نے عدالتی کارروائی کی سخت الفاظ ميں مذمت کی اور انہوں نے بغير شواہد کے سزا سنائے جانے کو انسانی حقوق اور بين الاقوامی قوانين کی خلاف ورزی بھی قرار ديا۔ ان کے بقول ويہلن کو سزا سنائی جانا 'انصاف کا مذاق‘ ہے۔ امريکی سفير نے ان کی فوری رہائی کا مطالبہ بھی کيا۔  بعد ازاں امريکی وزير خارجہ مائيک پومپيو نے بھی اس پيش رفت پر شديد تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ روس پال ويہلن کو بين الاقوامی اور انسانی حقوق کے تقاضوں کے تحت آزاد اور شفاف عدالتی کارروائی فرام کرنے سے قاصر رہا۔

دوسری جانب کريملن کے ترجمان ديميتری پيسکوو نے تمام امريکی الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ امريکی سکيورٹی ايگزيکيٹو کا جرم عدالت ميں ثابت ہوا۔ انہوں نے اس فيصلے کے پيچھے سياسی مقاصد کارفرما ہونے کے تاثرات کو بھی رد کيا ہے۔

ع س / اا، اے پی