1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تیز رفتاری، کیمرا بھی چوری: جرمن ڈرائیور پکڑا گیا

5 اکتوبر 2019

نشے کی حالت میں انتہائی تیزی سے گاڑی چلاتے ہوئے ایک شخص کو اچانک احساس ہوا کہ سڑک پر نصب کیمرے نے اسے اوور اسپیڈنگ کرتے پکڑ لیا ہے۔ وہ شخص واپس آیا اور کیمرا بھی اٹھا کر ساتھ لے گیا۔

https://p.dw.com/p/3QlkV
Radarfalle
تصویر: Fotolia/lassedesignen

تین اکتوبر جرمنی کے اتحاد کا دن ہے اور اسی روز وفاقی جرمن ریاست باویرا میں ایک جرمن شہری نے اپنے خلاف ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے ریکارڈ مقدمات قائم کرا لیے۔

جرمن پولیس کے مطابق بتیس سالہ شخص تین اکتوبر کی صبح سات بجے پارٹی سے گھر لوٹ رہا تھا۔ چیک جمہوریہ کی سرحد کے قریبی علاقے میں حد رفتار ایک سو کلو میٹر فی گھنٹہ تھی لیکن نشے میں چور نوجوان 160 کلومیٹر کی رفتار سے کار چلا رہا تھا۔

جرمنی: آٹھ سالہ بچہ کار موٹر وے پر لے آیا

نشے کی حالت میں حد رفتار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بھی وہ اس قدر ہوش میں ضرور تھا کہ جب سڑک کنارے نصب کیمرے نے اس کی تصویر لے لی تو وہ واپس لوٹا، کیمرے کے باکس کو اکھاڑا اور اپنے ساتھ لے گیا۔

لیکن شاید اسے یہ معلوم نہیں تھا کہ کیمرے سے لی گئی تصویر مرکزی ڈیٹا بیس میں منتقل ہو جاتی ہے۔ اپنی طرف سے ریکارڈ غائب کرنے اس کی کوشش ناکام رہی اور پولیس کو اس کی کار کا رجسٹریشن نمبر معلوم ہو گیا۔

کیا جرمن کار ساز صنعت پیچھے رہ جائے گی؟

فرار کی کوشش اور گرفتاری

چند گھنٹوں بعد جب پولیس کی کار اس کے پیچھے پہنچی تو وہ کار میں ہی کہیں جا رہا تھا، پولیس نے روکنے کی کوشش کی تو رکنے کی بجائے اس نے کار کی رفتار مزید بڑھاتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی۔ اس دوران وہ بند اشارے پر بھی نہ رکا۔

آخر کار پولیس نے بتیس سالہ نوجوان کو روک لیا۔ جب اس کا ٹیسٹ لیا گیا تو معلوم پڑا کہ اس نے الکحل کی طے شدہ حد سے کہیں زیادہ شراب پی رکھی تھی اور اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں تھا۔

'ڈارک نیٹ‘جرمنی میں سائبر ملزم گرفتار

گرفتاری کے بعد پولیس نے اس کے گھر کی تلاشی لی تو تہہ خانے سے چوری کردہ کیمرا بھی مل گیا۔

یوں تیز رفتاری کے جرمانے سے بچنے کی کوشش کرنے والے اس جرمن ڈرائیور کو اب نشے کی حالت میں، لائسنس کے بغیر اور حد سے زیادہ تیز ڈرائیونگ کے ساتھ ساتھ اشارہ توڑنے اور چوری کرنے کے الزامات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ش ح / ا ب ا (ایلیٹ ڈگلس)