1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

توہین رسالت کے الزام میں مدرسے کی استانی کا گلا کاٹ دیا گیا

29 مارچ 2022

ڈیرہ اسمعیل خان میں ایک مدرسے کی تین خواتین اساتذہ نے اپنی ہی ایک ساتھی کو قتل کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ مقتولہ پر چھری سے وار کیے گئے۔ یہ واقعہ انجمن آباد نامی علاقے میں منگل کی صبح ساڑھے آٹھ بجے پیش آیا۔

https://p.dw.com/p/49Byw
Pakistan APMA Solidaritätsmarsch
تصویر: APMA

ڈی ڈبلیو اردو نے ڈیرہ اسمعیل خان کے  کینٹ پولیس اسٹیشن سے جب رابطہ کیا تو پولیس نے انہیں اس واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ قتل کی یہ واردات مدرسے کے دروازے پر پیش آئی۔ اس سلسلے میں جن تین استانیوں کو حراست میں لیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس کے سامنے تسلیم کیا کہ انہوں نے توہین رسالت کے الزام میں اپنے ساتھی خاتون کو قتل کیا ہے۔

پولیس نے اس واقعے میں ملوث ہونے کے شبے میں مدرسے کی مذکورہ تینوں استانیوں کے علاوہ ایک 13 سالہ طالبہ کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار شدگان خواتین آپس میں رشتہ دار ہیں۔

مدرسے کا نام جامعہ اسلامیہ فلاح البنات بتایا جا رہا ہے اور قتل کی جانے والی خاتون اس مدرسے میں درس و تدریس کا کام کرتی تھیں۔ مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقتولہ پر پہلے چھریوں سے حملہ کیا گیا، جس دوران وہ زخمی ہو گئیں۔ پھر زخمی حالت میں ان کا گلا کاٹ دیا گیا۔

مدرسے کی انتظامیہ نے تاہم توہین رسالت کے الزام کو مسترد کر دیا ہے۔ ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ یہ واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ ہے۔ اس واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔