1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تحریک انصاف کا میٹرک پاس وزیر تعلیم، سوشل میڈیا پر شور

5 جنوری 2020

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف نے اپنی حکومت والے صوبے خیبر پختونخوا میں وزارتِ تعلیم ایک ایسے رہنما کو سونپی ہے، جو تعلیمی اعتبار سے فقط میٹرک پاس ہیں۔

https://p.dw.com/p/3VjW8
USA New York UN Generalversammlung | Imran Khan
تصویر: Reuters/B. Mcdermid

ہفتے کے روز خیبر پختونخوا حکومت نے کابینہ میں رد و بدل کا اعلان کرتے ہوئے اکبر ایوب کو ایلیمنٹری اور سیکنڈری تعلیم کا وزیر مقرر کیا تھا۔

پاکستان کے انگریزی روزنامے ڈان میں بتایا گیا ہے کہ نئے صوبائی وزیر تعلیم اکبر ایوب نے بارہویں جماعت کا امتحان پاس نہیں کیا تھا اور کینیڈا منتقل ہو گئے تھے۔ اس لیے انہیں کبھی انٹر میڈیٹ تعلیم کی سند نہ ملی۔

اس رپورٹ کے بعد سوشل میڈیا پر تحریک انصاف اور عمران خان پر ہونے والی سخت تنقید کے بعد صوبائی حکومت کے ترجمان نے اس تعیناتی کا دفاع کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیر 'اچھی انگریزی‘ بول سکتے ہيں۔

سینیئر صحافی سید طلعت حسین نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا ہے، ''عمران خان کی جماعت نے ایک میٹرک پاس شخص کو تعلیم کا وزیر بنا لیا اور ان کے حامی خیبر پختونخوا کی عوام کی اس تضحیک کو یہ کہہ کر جائز قرار دے رہے ہیں کہ وہ انگریزی بول سکتے ہيں۔‘‘

گزشتہ برس ستمبر میں بھی خیبر پختونخوا کی حکومت اس وقت شدید تنقید کی زد میں آئی تھی، جب اس کی جانب سے اسکول کی طالبات کے لیے حجاب لازمی قرار دینے کا نوٹیفیکشن سامنے آیا تھا۔ پاکستانی سول سوسائٹی اور سوشل میڈیا پر شدید ردعمل کے بعد صوبائی حکومت نے یہ نوٹیفیکشن واپس لے لیا تھا۔

ایک ٹوئٹر صارف عدیل راجہ لکھتے ہیں، 'سابقہ صوبائی وزیر برائے تعلیم ایک ایف اے پاس شخص تھا، اب ایک میٹرک پاس شخص کو وزارت تعلیم دی گئی ہے۔ پی ٹی آئی ایک تاریخ رقم کر رہی ہے۔‘‘

یہ بات اہم ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جماعت تحریک انصاف سن 2013 سے اس صوبے میں حکومت کر رہی ہے۔ عمران خان نے سن 2018 کے انتخابات سے قبل ملک میں تعلیمی نظام کی بہتری اور معیار میں اضافے کے وعدوں کو انتخابی مہم کا حصہ بنایا تھا۔