1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیلاروس میں ’دہشت گردی‘ کے الزام پر جرمن شہری کو سزائے موت

20 جولائی 2024

انسانی حقوق کی ایک غیر سرکاری تنظیم کے مطابق 30 سالہ ریکو کے کو بیلاروس کی ایک عدالت نے جون کے آخر میں مجرم قرار دیا تھا۔ برلن حکومت کا کہنا ہے کہ وہ اس حوالے سے منسک حکومت کے ساتھ رابطے میں ہے۔

https://p.dw.com/p/4iXFY
Belarus | Gefängnis in Minsk
تصویر: Zuma Press/IMAGO

بیلاروس میں ایک جرمن شہری کو ''دہشت گردی‘‘ اور ''رقم کے بدلے غیر ملکی اشاروں پر سرگرمیوں‘‘ میں ملوث ہونے سمیت دیگر مبینہ جرائم پر موت کی سزا سنائی گئی ہے۔ اس بات کی اطلاع  انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی ایک غیر سرکاری تنظیم ویاسنا نے دی ہے۔

اس  تنظیم کے مطابق 30 سالہ ریکو کے کو منسک کی ایک عدالت نے جون کے آخر میں ایک خفیہ مقدمے کی کارروائی  میں مجرم قرار دیا تھا۔

بیلا روس واحد یورپی ملک ہے جہاں اب بھی سزائے موت کا قانون رائج ہے
بیلا روس واحد یورپی ملک ہے جہاں اب بھی سزائے موت کا قانون رائج ہےتصویر: REUTERS

ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اس سزا کا تعلق کسٹس کالینوسکی رجمنٹ سے ہے، جو بیلاروسی شہریوں پر مشتمل ایک فوجی یونٹ ہےاور وہ یوکرین کے ساتھ مل کر روس کے خلاف لڑ رہے ہیں۔ اس رجمنٹ کا نام بیلاروسی پولش مصنف، صحافی، وکیل اور انقلابی کسٹس کالینوسکی کے نام پر رکھا گیا ہے، جنہیں 1864 میں روس کے خلاف بغاوت کی قیادت کرنے پر پھانسی دی گئی تھی۔

ویاسنا کا کہنا ہے کہ ریکو کے کو بیلاروس کے ضابطہ فوجداری کے چھ آرٹیکلز کی خلاف ورزی کا قصوروار پایا گیا ہے، جن میں معاوضے کے عوض کارروائیوں، خفیہ ایجنسی کی سرگرمیوں، دہشت گردی کی کارروائیوں، ایک انتہا پسند گروپ کے قیام، جان بوجھ کر گاڑی یا مواصلاتی ڈیوائس کو ناقابل استعمال بنانا اور آتشیں اسلحے،  گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد سے متعلق غیر قانونی کارروائیاں شامل ہیں۔

گرفتار جرمن شہری پر بیلاروس میں ''دھماکوں‘‘ کی سازش کرنے کا بھی الزام تھا۔ ویاسنا نے کہا کہ وہ  نومبر 2023 سے زیر حراست ہیں۔

بیلا روس کے ماسکو نواز صدر الیکسانڈر لوکا شینکو
بیلا روس کے ماسکو نواز صدر الیکسانڈر لوکا شینکوتصویر: Sergei Savostyanov/SNA/IMAGO

ریکو کے لنکڈ اِن پروفائل کے مطابق وہ جرمن ریڈ کراس میں بطور فوجی ڈاکٹر ملازم ہیں۔ اس سے قبل وہ برلن میں امریکی محکمہ خارجہ کے لیے مسلح اسپیشل سکیورٹی آفیسر کے طور پر کام کرتے تھے۔ ابھی تک یہ واضح نہیں ہے کہ آیا انہوں نے اس فیصلے کے خلاف اپیل کی  ہے۔

برلن کی تصدیق 

جرمنی کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا، ''یہ معاملہ وزارت خارجہ کو علم میں ہے۔ وزارت خارجہ اور منسک میں سفارت خانہ متعلقہ شخص کو قونصلر مدد فراہم کر رہے ہیں اور بیلاروسی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔‘‘ بیان میں مزید کہا گیا،  ''سزائے موت سزا کی ایک ظالمانہ اور غیر انسانی شکل ہے، جسے جرمنی ہر حال میں مسترد کرتا ہے۔ ہم دنیا بھر میں اس کے خاتمے کے لیے کام کر رہے ہیں اور تمام متاثرہ افراد کے ساتھ اس کے نفاذ کے خلاف سخت محنت کر رہے ہیں۔‘‘

  لیتھوانیا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی بیلاروسی حزب اختلاف کی رہنما سویٹلانا تسخانوسکایا نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ وہ ''اس خبر سے پریشان ہیں کہ جرمن شہری ریکو کے کو بیلاروس میں لوکاشینکو کی حکومت نے موت کی سزا سنائی ہے۔‘‘

لیتھوانیا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی بیلاروسی حزب اختلاف کی رہنما سویٹلانا تسخانوسکایا
لیتھوانیا میں جلاوطنی کی زندگی گزارنے والی بیلاروسی حزب اختلاف کی رہنما سویٹلانا تسخانوسکایاتصویر: Mikaela Landeström/TT/IMAGO

انہوں نے مزید کہا، ''ہم اس وقت اس کے کیس کے بارے میں مزید معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔ جو کچھ ہم جانتے ہیں، اس کے مطابق ان (ریکو) پر  'انتہا پسندی‘ سے متعلق کئی  نام نہاد جرائم کا الزام ہے۔‘‘

سزائے موت کا استعمال کرنے والی یورپ کی آخری قوم

بیلاروس وہ واحد یورپی ملک ہے، جہاں اب بھی سزائے موت دی جاتی ہے۔  اس اقدام کا شکار خاص طور پر مرد ہوتے ہیں۔ گزشتہ دوسالوں میں بیلاروس نے سنگین غداری اور ''دہشت گردی کی کوشش‘‘ کے الزامات کے تحت پھانسیوں کی منظوریاں دی ہیں۔

ش ر⁄ ع ت (اے ایف پی)

جرمن فوج لیتھوانیا میں تعینات کی جائے گی