1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھیڑ بکریوں کے سبب انسانوں میں جِلدی زخم

18 اپریل 2012

امریکا میں بیماریوں کی روک تھام کے وفاقی ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بکریوں اور بھیڑوں میں پائے جانے والے اورف وائرس کی وجہ سے عام انسانوں میں ایسے جِلدی زخم دیکھنے میں آ سکتے ہیں جو اسکن لیژنز کہلاتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/14f7l
تصویر: Royal Government of Bhutan (DoFPS) and WWF

صحت مند انسانوں میں اورف بیماری کے وائرس کی یہ منتقلی کس طرح عمل میں آتی ہے، اور اس کی وجہ سے کس طرح کی جِلدی پیچیدگیاں پیدا ہو سکتی ہیں، اس سلسلے میں بہت سی تفصیلات ابھی حال ہی میں منظر عام پر آئی ہیں۔

اورف کی بیماری بھیڑ بکریوں میں پایا جانے والا ایک ایسا جِلدی مرض ہے جو ان جانوروں کے ناک اور منہ کو متاثر کرتا ہے۔ اس کا سبب بننے والے جرثومے کو پیراپوکس (parapox) وائرس کہتے ہیں، جو بھیڑ بکریوں سے انسانوں میں بڑی آسانی سے منتقل ہو جاتا ہے۔ اورف وائرس کی منتقلی کے لیے کسی بھی صحت مند انسان کا اس بیماری سے متاثرہ جانور کے ساتھ جسمانی رابطے میں آنا ہی کافی ثابت ہوتا ہے۔

یہ وائرس جانوروں میں اورف کی متعدی بیماری کا باعث بنتا ہے۔ اس وائرس کی وجہ سے انسانوں میں انگلیوں وغیرہ پر ایسے تکلیف دہ زخم بن جاتے ہیں جو دس سے لے کر بارہ ہفتوں تک موجود رہتے ہیں۔ انسانوں میں اس بیماری کو ایک خاص طرح کا ڈرمیٹائٹس یا جِلدی مرض قرار دیا جاتا ہے جس کے زخم عرف عام میں اسکن لیژنز کہلاتے ہیں۔

امریکہ میں بیماریوں کی روک تھام اور ان کے قبل از وقت تدارک کے مرکزی ادارے CDC کے ماہرین نے ایک نئی تحقیق کے بعد خبردار کیا ہے کہ جانوروں سے انسانوں میں اس وائرس کی منتقلی زیادہ تر دو بڑی وجوہات کے باعث عمل میں آتی ہے۔ ایسا جانور کو ذبح کرتے ہوئے بھی ہو سکتا ہے اور گھروں میں پکانے سے پہلے گوشت کی تیاری کے مرحلے میں بھی۔

سی ڈی سی کی امریکا میں نسلی حوالے سے بہت متنوع علاقوں میں ڈاکٹروں کے لیے تیار کردہ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اورف وائرس کو اکثر ڈاکٹر اینتھریکس کا وائرس سمجھ کر اس کی غلط تشخیص بھی کرتے ہیں۔ انتھریکس کی بیماری اورف کے مرض کے مقابلے میں کہیں زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ سی ڈی سی کے مطابق اورف وائرس وہ سب سے عام وائرس ہے جو زرعی فارموں پر بھیڑ بکریوں سے انسانوں میں سب سے زیادہ منتقل ہوتا ہے۔

اورف وائرس زرعی فارموں پر بھیڑ بکریوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے
اورف وائرس زرعی فارموں پر بھیڑ بکریوں سے انسانوں میں منتقل ہوتا ہےتصویر: AP

اس مرض کے واقعات ایسے بچوں میں بھی دیکھے گئے جنہوں نے چڑیا گھر کی سیر کی یا جو مویشیوں کے مختلف میلے دیکھنے کے لیے گئے۔ سی ڈی سی کے ماہرین کے مطابق یہ وائرس بھیڑ بکریوں کو زبح کرتے ہوئے یا گھروں میں ان کا گوشت پکانے سے پہلے تیاری کے دوران کسی بھی انسان میں منتقل ہو سکتا ہے۔

اس سلسلے میں سی ڈی سی کی رپورٹ میں ماہرین نے دو ایسے افراد کی مثالیں بھی دیں جنہوں نے امریکا ہی میں عید الاظٰحی کے موقعوں پر بکرے کی قربانی کی اور اس دوران یہ وائرس ان میں منتقل ہو گیا۔ ان دونوں واقعات میں بکروں کو زبح کرنے کے چند ہی روز بعد متعلقہ افراد کے ان ہاتھوں کی انگلیوں پر شدید قسم کے زخم پیدا ہو گئے جن ہاتھوں سے انہوں نے زبح کیے جانے کے وقت ان بکروں کے سر یا منہ پکڑ رکھے تھے۔ سی ڈی سی کی متعدی امراض کی ماہر ایک خاتوں ڈانیالے ٹیک Danielle Tack کہتی ہیں کہ اورف وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والے جلدی زخم یا سکن لیژنز چند ہفتوں یا زیادہ سے زیادہ دو تین مہینوں میں خود ہی ٹھیک ہو جاتے ہیں انہوں نے یہ بھی کہا کہ ان زخموں کا باعث بننے والے وائرس کی خاص طور پر شہری علاقوں میں ڈاکٹروں کی طرف سے کئی واقعات میں غلط تشخیص دیکھنے میں آتی ہے۔

ij/ss (Reuters)