1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: 24 گھنٹے میں 4 ہزار نئے کیسزاور195 اموات

جاوید اختر، نئی دہلی
5 مئی 2020

بھارت میں کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، پچھلے 24 گھنٹوں میں تقریباً چار ہزار نئے کیسز سامنے آئے جب کہ 195افراد لقمہ اجل بن گئے۔

https://p.dw.com/p/3bmGC
Bangladesch Personen tragen eine Leiche zur Beerdigung in Dhaka
تصویر: bdnews24

بھارتی وزارت صحت کے مطابق کووڈ انیس سے اب تک 1568 لوگوں کی موت ہوچکی ہے اور مصدقہ مریضوں کی تعداد 46437 ہوگئی ہے، جبکہ پچھلے 24 گھنٹے میں کورونا کے 3900 نئے کیسز سامنے آئے اور 195 لوگوں کی موت ہوگئی۔ متاثرین اور اموات دونوں ہی لحاظ سے ایک دن میں یہ اب تک کی سب سے بڑی تعداد ہے۔  حالانکہ تھوڑی راحت کی بات یہ ہے کہ اب تک 12727 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کے لیے ملک بھر میں لاک ڈاون نافذ ہے۔ تین مئی کو 40 روزہ لاک ڈاون مکمل ہونے کے بعد تیسرے مرحلے کے تحت اس میں 17مئی تک کے لیے توسیع کردی گئی ہے۔

وزیر اعظم مودی کا پاکستان پر نشانہ

کورونا کے حوالے سے ناوابستہ تحریک کے رکن ملکوں کی ورچوؤل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے پاکستان پر بالواسطہ حملے کیے۔

وزیر اعظم مودی نے پاکستان کا نام لیے بغیر کہا”آج جہاں دنیا کووڈ انیس سے مقابلہ کررہی ہے وہیں کچھ لوگ دوسری طرح کے مہلک وائرس پھیلانے میں مصروف ہیں۔ جیسے کہ دہشت گردی، جیسے کے فرضی خبریں اور برادریوں اور ملکوں کے درمیان خلیج پیدا کرنے کے لیے چھیڑ چھاڑ کرکے تیار کیے گئے ویڈیو۔“


خیال رہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران عسکریت پسندوں کے ساتھ تصادم کے ایک درجن سے زائد واقعات پیش آچکے ہیں جن میں 22 بھارتی سیکورٹی اہلکا ر ہلا ک ہوئے ہیں۔ اتوار کے روز تصادم میں ایک کرنل اور ایک میجر سمیت پانچ سیکورٹی اہلکار اور پیر کے روز بھارتی نیم فوجی دستے کے تین اہلکار مارے گئے۔

مودی نے کہا کہ کورونا وائرس کی وبا سے مقابلہ کرنے کے دوران بھارت نے یہ دکھا یا ہے کہ جمہوریت، ڈسپلن اور قوت ارادی ایک ساتھ مل کر کس طرح ایک عوامی تحریک کی شکل اختیار کرلیتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کووڈ انیس کے بحران کے مدنظر گھریلو ضرورتوں کے باوجود بھارت نے تقریباً 120ملکوں کو دوائیں سپلائی کی ہیں جن میں 59 ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک ہیں۔

نوبل انعام یافتہ ابھیجیت کا مشورہ

نوبل انعام یافتہ ماہر اقتصادیات ابھیجیت بنرجی نے بھارت کو مشورہ دیا ہے کہ کورونا وائرس کی مار سے غریب عوام کو فوری راحت دینے کے لیے ان کے ہاتھوں میں پیسے دیے جائیں اور بھارت اس سلسلے میں امریکہ سے سبق لے سکتا ہے۔

ابھیجیت بنرجی نے یہ مشورہ کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی کے ساتھ بات چیت کے دوران دیا۔ وہ ماہرین اقتصادیات کے ساتھ راہول گاندھی کی بات چیت کے سلسلے کی دوسر ی کڑی کے مہمان تھے۔ راہول گاندھی نے گزشتہ ہفتے ریزرو بینک آف انڈیا کے سابق گورنر رگھو رام راجن سے بات چیت کی تھی۔


ابھیجیت بنرجی کا کہنا تھا کہ حکومت کو چاہیے کہ جن لوگوں کے پاس راشن کارڈ نہیں ہے انہیں کم از کم تین ماہ کے لیے فوری طور پر راشن کارڈ جاری کرے جس سے ہر کسی کو مفت راشن مل سکے، کیوں کہ ہر کسی کو چاول، دال، گیہوں اور چینی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ غریبوں تک کیش ٹرانسفر کا براہ راست نظم ہونا چاہیے جیسا کہ انڈونیشیا میں ہورہا ہے۔

ماہر اقتصادیات کا کہنا تھا کہ لاک ڈاون میں اضافہ کرنا مسئلے کا حل نہیں ہے۔ لاک ڈاون کی وجہ سے کاروبار پوری طرح ٹھپ ہے۔

شراب پر کورونا ٹیکس

دہلی کی اروند کیجریوال حکومت نے شراب کی دکانوں پر ہجوم کو کم کرنے کے مقصد سے شراب کی قیمتوں پر 70 فیصد کورونا ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا ہے۔

مرکزی حکومت کی طرف سے بعض’لازمی اشیا‘ کی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کے بعد جب پیر کے رو ز شراب کی دکانیں کھلیں تو لوگوں کا ہجوم ان پر ٹوٹ پڑا۔ سوشل ڈسٹنسنگ کی دھجیاں اڑائی گئیں۔ بعض مقامات پر پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑا۔ شراب خریدنے کے لیے دکانوں پر کئی کلومیٹر لمبی قطاریں بھی دیکھنے کو ملیں۔

خیال رہے کہ بھارت میں ریاستی حکومتوں کے لیے آمدنی کا ایک بڑا ذریعہ شراب سے حاصل ہونے والی ٹیکس کی رقم ہے۔ ریزرو بینک آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق 29 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقے دہلی اور پڈوچیری نے 2019-20 میں شراب سے ایک لاکھ 75 ہزار 501 کروڑ روپے کی آمدنی کا ہدف مقرر کیا ہے جب کہ 2018-19میں شراب سے ایک لاکھ 50 ہزار 658 کروڑ روپے کی آمدنی ہوئی تھی۔

ڈیلی گروتھ ریٹ میں بھارت اب اٹلی سے آگے

بھارت اب کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ’ڈیلی گروتھ ریٹ‘ والے ملکوں کی فہرست میں شامل ہوگیا ہے۔ اب متاثر ہونے والوں کی تعداد اٹلی کے مقابلے یومیہ چھ گنا اور امریکہ اور برطانیہ کے مقابلے دو گنا ہوگئی ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ تین مئی کے اعدادو شمار کے مطابق بھارت میں ڈیلی گروتھ ریٹ اٹلی(0.1 فیصد) کے مقابلے چھ گنا، امریکہ (2.7) اور برطانیہ (3.0) کے مقابلے دو گناہے۔ اس وقت صرف روس اور برازیل ڈیلی گروتھ ریٹ کے معاملے میں بھارت سے اوپر ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں