1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کے ایک گاؤں کی بیٹی امریکہ کی 'سیکنڈ لیڈی'

جاوید اختر، نئی دہلی
7 نومبر 2024

متوقع امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی اہلیہ اوشا چیلوکوری کی جڑیں جنوبی بھارت کے صوبے آندھراپردیش میں پیوست ہیں۔ اب وہ پہلی بھارتی نژاد امریکی 'سیکنڈ لیڈی' بن جایئں گی۔

https://p.dw.com/p/4mjpn
اوشا چیلوکوری وینس
اوشا چیلوکوری وینس کے پردادا کا تعلق آنداھرا پردیش کے وڈلورو گاؤں سے تھا تصویر: Jeff Dean/AP/picture alliance

مغربی گوداوری ضلع میں ٹنوکو قصبے سے کوئی تین کلومیٹر دور ایک چھوٹے سے گاؤں وڈلورو میں جشن کا سماں ہے۔ لوگ پٹاخے چلا رہے ہیں، مٹھائیاں تقسیم کررہے ہیں اور ایک دوسرے کو مبارک باد دے رہے ہیں۔ بدھ کو مقامی مندر میں خصوصی پوجا کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں لوگوں نے جے ڈی وینس کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگی تھیں۔ ان کی دعائی‍ں قبول ہوئیں اور گاؤں کی بیٹی اوشا کے شوہر وینس امریکی انت‍خابات میں کامیاب ہوگئے ہیں، جو امریکہ کے اگلے نائب صدر ہوں گے۔

ٹرمپ کے نائب صدارتی امیدوار وینس کی بھارتی نژاد اہلیہ

آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ این چندرابابو نائیڈو نے وینس کو خصوصی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی نے تیلگو ثقافت سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو امریکہ کی 'سیکنڈ لیڈی' کے اعزاز کا اہل بنا دیا ہے۔

نائیڈو کی جماعت تیلگو دیسم پارٹی مرک‍ز کی حکمران اتحاد کی ان دو جماعتوں میں سے ایک ہے جن کی بیساکھی پرمودی حکومت ٹکی ہوئی ہے۔

نائیڈو نے کہا کہ وہ مناسب موقع پر جے ڈی وینس اور اوشا کو آندھرا پردیش آنے کی دعوت دیں گے۔

اوشا وینس کا انڈیا کنکشن

اوشا چیلوکوری وینس کے پردادا کا تعلق وڈلورو گاؤں سے تھا لیکن بعد میں وہ چینئی منتقل ہو گئے، جہاں اوشا کے والد چیلوکوری رادھا کرشنن کی پیدائش ہوئی۔

رادھا کرشنن چیلوکوری بعد میں تعلیم کے لئے امریکہ چلے گئے۔ جہاں وہ ایرواسپیس انجینئر اور یونیورسٹی میں لکچرر ہیں جب کہ اوشا کی والدہ لکشمی مائیکرو بائیولوجی کی پروفیسر ہیں۔

کملا ہیرس بھارتی نژاد ہیں یا سیاہ فام؟ نسلی شناخت پر ٹرمپ کا سوال

اوشا چیلوکوری کی پیدائش 1986میں ہوئی۔ ان کی پرورش نسلی طورپر متنوع سان ڈیاگو کے ایک مضافاتی علاقے میں ہوئی۔

اوشا اور وینس کی شادی سن 2014 میں ہوئی
اوشا اور وینس کی شادی سن 2014 میں ہوئیتصویر: Kamil Krzaczynski/AFP via Getty Images

اوشا اور وینس کی شادی سن 2014 میں ہوئی اور ایک الگ تقریب کے دوران ایک ہندو پجاری نے انہیں آشیرواد دیا تھا۔ ان کے تین بچے ہیں، دو لڑکے اور ایک لڑکی۔

اوشا چیلوکوری وینس نے قانون میں ڈگری کے علاوہ ییل سے تاریخ میں بیچلرز کی ڈگری اور کیمبرج یونیورسٹی سے فلسفہ میں ماسٹرز ڈگری بھی حاصل کی ہے۔ انہوں نے سپریم کورٹ کے ججوں کے لیے معاون کے طورپر کام کیا اور اپنے شوہر کی نائب صدر کے امیدوار کے طورپر نامزدگی سے قبل تک ایک کارپوریٹ وکیل کے طور پر کام کررہی تھیں۔

بھارتی نژاد امریکی ارب پتی کی سیاست میں انٹری اور مقبولیت

اوشا نے جون میں 'فاکس اینڈ فرینڈز' ٹاک شومیں کہا تھا،"میں ایک مذہبی گھرانے میں پلی بڑھی۔ میرے والدین ہندو ہیں۔ یہ ان چیزوں میں سے ایک ہے، جس نے انہیں اچھا والدین بنایا، انہیں اچھا انسان بنایا۔"

اوشا چیلوکوری وینس کی کامیابی کی کہانی امریکہ میں رہنے والی بھارتی برادری کی کامیابیوں میں سے ایک ہے۔

بھارت میں ایک چھوٹا سا گاؤں کملا ہیرس کی جیت کی دعائیں کیوں کر رہا ہے؟

وڈلورو گاؤں کے مندر کے بڑے پجاری اپاجی کا کہنا تھا، اگر وہ (اوشا) اپنی جڑوں کو تسلیم کرتے ہوئے اس گاؤں کے لیے کچھ کرتی ہیں تو یہ ایک بڑی بات ہو گی۔"