1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت کی طرف سے پرتھوی ٹو کا تجربہ

18 جون 2010

بھارت نے جمعہ کو جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھنے والے پرتھوی ٹو میزائل کا ایک اور تجربہ کیا ہے۔ بھارت کے اندر ہی تیار کئے گئے اس میزائل کا تجربہ مشرقی ریاست اُڑیسہ میں کیا گیا۔

https://p.dw.com/p/Nw1y
بھارت کا براہموز میزائلتصویر: AP

350 کلو میڑ تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے اس میزائل کو چندی پور کے Integrated Test Range سینٹرسے چھوڑا گیا۔ یہ سینٹر اڑیسہ کے دارالحکومت بھوبانیشور سے 230 کلو میٹر کے فاصلے پر ہے۔

ITR کے ڈائریکٹر ایس پی دیش کے مطابق پرتھوی ٹو نامی اس میزائل کا تجربہ کامیاب رہا۔ پرتھوی، جس کے سنسکرت میں معنی زمین کے ہیں، ان پانچ میزائلوں میں سے ایک ہے جو بھارتی ادارے 'ڈیفنس ریسرچ اینڈ ڈیویلیپمنٹ آرگنائزیشن' DRDO نے تیار کئے ہیں۔

Indische Raketen
بھارت اس سے پہلے بھی کئی میزائلوں کے تجربات کر چکا ہےتصویر: AP

اس میزائل کی لمبائی نو میٹر ہے جب کہ اس کا قطر ایک میٹر ہے۔ یہ میزائل جوہری اسلحے سمیت 500 کلو گرام تک وزن کے ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

پرتھوی کے دو کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائلوں سے پہلے ہی بھارتی بری اور فضائی افواج مسلح ہیں۔ بھارت کی ملٹری اور سائنس دان اس طرح کے تجربات وقتاﹰ فوقتاﹰ کرتے رہتے ہیں۔ گزشتہ مارچ میں بھی نئی دہلی نے پرتھوی ٹو کا کامیاب تجربہ کیا تھا۔

رپورٹ: عبدالستار

ادارت: افسر اعوان