1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی کرکٹ ٹیم ایڈیلیڈ میں چِت

عابد حسین13 دسمبر 2014

آسٹریلوی شہر ایڈیلیڈ میں بھارت کی کرکٹ ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن اسپنر ناتھن لائن کے سامنے ریت کی دیوار کی طرح ثابت ہوئی۔ میچ کے آخری دِن بھارت کے بیٹسمین شکست سے بچنے میں ناکام رہے۔

https://p.dw.com/p/1E3c4
آسٹریلوی بیٹسمین ڈیوڈ وارنرتصویر: S. Khan/AFP/Getty Images

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ کے پانچویں اور آخری دِن بھارتی کرکٹ ٹیم کی مضبوط بیٹنگ لائن کی قلعی ایک مرتبہ پھر کُھل گئی۔ ماہرین کے مطابق بھارتی بیٹسمین اپنے ملک میں اسکور کے انبار لگانے میں ثانی نہیں رکھتے لیکن غیر ممالک میں وہ اِس ساکھ کو برقرار رکھنے میں ناکام رہتے ہیں۔ آسٹریلیا کا دورہ کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم نے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے۔ پہلا میچ وہ 48 رنز سے ہار گئی۔ اِس طرح آسٹریلیا کی ٹیم سیریز میں ایک صفر کی برتری رکھتی ہے۔

میچ کے آخری دن اوپنر مرلی وجے کی 99 اسکور کی اننگز اور ویرات کوہلی کے شاندار 141 رنز پر مشتمل سینچری نمایاں رہی۔ کوہلی نے میچ کی دونوں اننگز میں سینچری اسکور کی ہے۔ وہ مہندر سنگھ دھونی کی جگہ پر اِس ٹیسٹ میچ میں کپتانی بھی کر رہے تھے۔ انہوں نے میچ کی دونوں اننگز میں 256 رنز بنائے۔ ان کی دوسری اننگز میں مشکل حالات میں بنائی جانے والی سینچری بھی بھارتی ٹیم کو شکست سے بچانے میں ناکام رہی۔ بھارت کی دوسری اننگز میں آسٹریلوی اسپنر ناتھن لائن نے سات وکٹیں حاصل کیں۔

Indien Kricket Mannschaft
بھارتی کرکٹ ٹیم ایڈیلیڈ ٹیسٹ کے آخری دن حیران کن انداز میں آؤٹ ہو گئیتصویر: Getty Images

ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں ناتھن لائن نے کُل بارہ وکٹیں حاصل کی ہیں۔ یہ ایک دلچسپ حقیقت ہے کہ لائن ٹیسٹ کرکٹ میں آنے سے قبل ایڈیلیڈ کرکٹ گراؤنڈ کے اسٹاف میں شامل تھے اور اُن کی ذمہ داریوں میں پِچ کو سنبھالنا بھی شامل تھا۔ انہوں نے 286 رنز دے کر بھارتی ٹیم کے بارہ کھلاڑی آؤٹ کیے۔ میچ کے دوران لائن نے ایل بی ڈبلیُو کی بےشمار اپیلیں کی تھی لیکن وہ امپائروں کی جانب سے رد کی جاتی رہیں۔ لائن کا خود کہنا تھا کہ وہ میچ میں خاصے خوش قسمت بھی رہے کیونکہ بعض بھارتی کھلاڑی اُن کے جال میں پھنستے گئے۔

بھارت کو میچ کے آخری دِن جیت کے لیے 364 کا ٹارگٹ دیا گیا۔ بھارتی ٹیم کو کُل98 اوورز حاصل تھے۔ چائے کے وقفے پر بھارتی کرکٹ ٹیم کے صرف دو کھلاڑی آؤٹ تھے اور اسکور 205 تھا۔ میچ کے آخری سیشن میں جیت کے لیے درکار رنز 159 تھے لیکن ویرات کوہلی کی وکٹ گرنے کے بعد صورت حال بدل گئی اور بھارتی ٹیم کے بقیہ کھلاڑی قدرے جلدی میں دکھائی دیے۔ آخری آٹھ کھلاڑی ٹیم کے اسکور میں 73 رنز کا اضافہ کر کے آؤٹ ہوئے۔ آسٹریلیا کی جانب سے بھی اوپنر ڈیوڈ وارنر نے دونوں اننگز میں سیچریاں بنائی۔

بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ میچ میں کامیابی کپتان مائیکل کلارک کی انجری سے گہنا گئی ہے۔ ایسا خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ شاید ہی اگلے تین ٹیسٹ میچ کھیل پائیں۔ اُن کو کمر اور ہیمسٹرنگ کی گہری تکلیف کا سامنا ہے۔ میچ کے دوران اُن کی اسکیننگ کی گئی۔ اسکیننگ کے حوالے سے کلارک کا کہنا تھا کہ رزلٹ کوئی بہت اچھے نہیں ہیں۔ بھارت اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان دوسرا کرکٹ ٹیسٹ میچ سترہ دسمبر سے شروع ہو رہا ہے۔ کلارک کی کمر کی تکلیف تو پرانی ہے لیکن وہ گزشتہ ماہ جنوبی افریقہ کے دورے کے دوران چودہ نومبر کو ہیمسٹرنگ کی انجری کا شکار ہو گئے۔