1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی فوج کی فائرنگ سے دو دیہاتی اور پاکستانی فوجی ہلاک

شمشیر حیدر نیوز ایجنسیاں
30 ستمبر 2017

پاکستان اور بھارت کے مابین تنازعے کا سبب بننے والے خطے کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کے باعث پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں دو دیہاتی اور پاکستانی فوج کا ایک اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2l1JV
تصویر: picture-alliance/dpa/J. Singh

پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد سے ملنے والی نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹیڈ پریس کی رپورٹوں کے مطابق لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی فائرنگ کے سبب پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے تعلق رکھنے والے دو دیہاتی جب کہ ایک پاکستانی فوجی ہلاک ہو گیا۔

کنٹرول لائن پر بھارتی فائرنگ سے دو دیہاتی زخمی، پاکستان
کشمیر میں بھارتی بمباری، ہزاروں افراد اپنے گھر چھوڑنے پر مجبور

برصغیر کی دو ایٹمی طاقتوں کے مابین سرحدی کشیدگی کا یہ تازہ واقعہ جمعہ انتیس ستمبر کے روز پیش آیا۔ واقعے کے ایک روز بعد ہفتہ تیس ستمبر کے روز پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق بھارتی فوج کی فائرنگ کے سبب پاکستانی فوج کا ایک اہلکار ہلاک جب کہ تین دیگر زخمی ہوئے ہیں۔

سری نگر میں شیعہ عزاداروں کے خلاف کریک ڈاؤن

پاکستانی فوج کی جانب سے جاری کردہ بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے فائرنگ کیے جانے کے بعد پاکستانی فوج نے بھی ’مؤثر جواب‘ دیا۔

حالیہ عرصے کے دوران دونوں ممالک کے مابین بین الاقوامی سرحد اور بھارت اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کو منقسم کرنے والی لائن آف کنٹرول پر فائر بندی کی خلاف ورزی کے کئی واقعات رونما ہو چکے ہیں۔

گزشتہ روز بھی جب دونوں ممالک کی افواج کے مابین فائرنگ کا تبادلہ ہوا تو پاکستان کے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور ملک کی مسلح افواج کے سربراہان نیشنل سکیورٹی کونسل کی میٹنگ میں بھارت کی جانب سے فائر بندی کی خلاف ورزیوں پر تبادلہ خیال کر رہے تھے۔

بھارت کی جانب سے اس تازہ واقعے پر کوئی ردِ عمل سامنے نہیں آیا تاہم ماضی میں دونوں ممالک لائن آف کنٹرول پر فائربندی کی خلاف ورزی کا الزام ایک دوسرے پر عائد کرتے رہے ہیں۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان پھر سرحدی جھڑپ، تین افراد ہلاک