بھارتی سمندری حدود سے سینکڑوں ملین ڈالر کی ہیروئن ضبط
31 جولائی 2017خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق قبضے میں لی گئی ہیروئن کا وزن پندرہ سو کلوگرام ہے اور بین الاقوامی منڈی میں اس غیر قانونی نشہ آور مادے کی قیمت ساڑھے چار سو ملین ڈالر سے زائد بنتی ہے۔ جس بحری جہاز کے ذریعے یہ ہیروئین اسمگل کی جا رہی تھی، اُس کی رجسٹریشن پاناما میں ہوئی ہوئی تھی۔ رپورٹوں کے مطابق یہ ہیروئن ہفتے کے روز قبضے میں لی گئی۔
بھارت کے سرکاری خبر رساں ادارے پریس ٹرسٹ آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق بھارتی کوسٹ گارڈز اسے حالیہ برسوں میں پکڑی جانے والے منشیات کی سب سے بڑی کھیپ قرار دے رہے ہیں۔ جہاز کا عملہ آٹھ افراد پر مشتمل ہے اور اس جہاز کو بھارتی ریاست گجرات کے آلنگ شپ یارڈ میں لنگر انداز ہونا تھا۔ عملے کے ارکان کو تفتیش کے لیے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
بھارت کے پڑوسی ملک افغانستان میں ہیروئن کے بنیادی جزو افیون کی پیداوار بڑے پیمانے پر ہوتی ہے۔
یہ تفصیلات کہ منشیات کی اس کھیپ کو کہاں سے جہاز پر لادا گیا اور اس کی اسمگلنگ میں کون افراد ملوث ہیں، فوری طور پر معلوم نہیں ہو سکیں۔ بھارتی کوسٹ گارڈز، ملکی بحریہ، پولیس اور بھارتی خفیہ ادارے اس معاملے کی مشترکہ تحقیقات کر رہے ہیں۔