1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بن لادن کمپاؤنڈ کا خفیہ امریکی ماڈل منظرعام پر

Imtiaz Ahmad17 مئی 2012

امریکی انٹیلی جنس کے عہدیدار القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ کا وہ خفیہ ماڈل منظر عام پر لائے ہیں، جس کو سامنے رکھتے ہوئے ایک سال پہلے ایبٹ آباد میں کارروائی کی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/14x14
تصویر: AP

مختلف خبر رساں اداروں کے مطابق ایک بڑی میز پر بنایا گیا یہ خفیہ ماڈل گزشتہ روز پینٹاگون کے ایک ہال میں رکھا گیا، جہاں کوریڈور میں فوجی اور سرکاری افسران نظریں جمائے اسے دیکھتے رہے۔ یہ نقشہ امریکہ کی خفیہ قومی جغرافیائی ایجنسی NGA کی ایک خصوصی ٹیم نے چھ ہفتوں کے دوران تیار کیا تھا۔

پینٹاگون کی ایک ترجمان کا کہنا تھا کہ امریکی خفیہ اداروں کو سیٹیلائٹ تصاویر مہیا کرنے والے ادارے ’این جی اے‘ نے اس ماڈل کو گزشتہ اکتوبر سے ورجینیا میں قائم اپنے ہیڈ کوارٹر کے داخلی دروازے کے قریب رکھا ہوا ہے۔ ترجمان ایریکا فوکس نے خبر رساں ادارے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا، ’’اس ماڈل کو پہلی مرتبہ اس عمارت سے باہر لایا گیا ہے۔ اب ہم اس قابل تھے کہ اسے عوام کے سامنے لایا جا سکے۔‘‘

Bin Ladens Versteck in Abbottabad , Pakistan
پاکستانی حکام کی طرف سے یہ کمپاؤنڈ چند ماہ پہلے مسمار کر دیا گیا تھاتصویر: Reuters

اس خاتون ترجمان کے مطابق اس ماڈل کو پیٹاگون لائے جانے کا مقصد ایبٹ آباد آپریشن کا وہ حقیقی تصور پیش کرنا ہے، جس کے بارے میں یہاں کے ارکان ایک سال سے سنتے آ رہے ہیں۔ ابھی تک اس ماڈل کے بارے میں صرف خاکے ہی دکھائے جاتے رہے تھے۔ حکام کے مطابق امریکی کمانڈوز کے پاس حملے سے پہلے بن لادن کمپاؤنڈ کا ایک ماڈل تھا، جس پر وہ حملے کی مشقیں کرتے رہے تھے لیکن این جی اے کا یہ نقشہ انتہائی تفصیلی ہے۔

اس ماڈل نقشے میں کمپاؤنڈ کی دیواروں پر لگی خار دار تاریں اور احاطے کے اندر کی تمام چیزیں دکھائی گئی ہیں۔ پینٹاگون میں رکھا گیا یہ ماڈل اصلی بھی ہو سکتا ہے لیکن حکام کا کہنا ہے اس کی کئی نقلیں بھی تیار کی گئی ہیں۔

فوکس کے مطابق اس ماڈل کا سائز سات فٹ ہے، ’’اس کو دیکھنے سے واقعی پتہ چلتا ہے کہ بن لادن کا کمپاؤنڈ کس قدر بڑا ہے یا تھا، معذرت کیونکہ یہ اب موجود نہیں ہے۔‘‘

یاد رہے کہ پاکستانی حکام کی طرف سے یہ کمپاؤنڈ چند ماہ پہلے مسمار کر دیا گیا تھا اور اب اس جگہ بچوں کے کھیلنے کے لیے ایک گراؤنڈ بنایا گیا ہے۔

ia/aa/AFP