1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش کے قیام کی پچاسویں سالگرہ، پوپ کی طرف سے مبارک باد

24 مارچ 2021

دنیا بھر کے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے بنگلہ دیش کے قیام کی پچاسویں سالگرہ سے دو روز قبل اس جنوبی ایشیائی ملک کو مبارک باد دی ہے۔ بنگلہ دیش نے نصف صدی قبل چھبیس مارچ کو اپنی آزادی کا اعلان کیا تھا۔

https://p.dw.com/p/3r3Kc
پوپ فرانسس نے دسمبر دو ہزار سترہ میں اپنے دورے کے دوران بنگلہ دیش میں روہنگیا مسلم مہاجرین سے بھی ملاقات کی تھیتصویر: Reuters/D. Sagolj

اٹلی میں ویٹیکن سٹی سے موصولہ رپورٹوں کے مطابق کلیسائے روم کے سربراہ نے بدھ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں جنوبی ایشیا کی اس مسلم اکثریتی ریاست سے مطالبہ کیا کہ وہ آئندہ بھی مکالمت اور سماجی تنوع کے احترام کے راستے پر اپنا سفر جاری رکھے۔

بنگلہ دیش میں چودہ افراد کو سزائے موت سنا دی گئی

کلیسائے روم کے سربراہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ مستقبل میں بھی 'جمہوریت اور صحت مند سیاسی زندگی‘ کو صرف اسی مکالمت اور سماجی تنوع کے احترام کے ساتھ یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

بنگلہ دیش کے بانی کو بھی خراج عقیدت

پوپ فرانسس نے اپنے ویڈیو پیغام میں بنگلہ دیش کے بانی رہنما شیخ مجیب الرحمان کے گزشتہ برس منائے جانے والے سوویں یوم پیدائش کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے پہلے صدر شیخ مجیب الرحمان (1920ء تا 1975ء) ایک ایسے دانا رہنما تھے، جنہوں نے اس نو آزاد ملک کو 'مکالمت اور تبادلہ خیال کی ثقافت‘ کی وہ میراث دی، جس کا ہمیشہ تحفظ کیا جانا چاہیے۔

روہنگیا مہاجر کیمپ میں آگ: پندرہ افراد ہلاک، سینکڑوں زخمی

پاپائے روم کے مطابق شیخ مجیب الرحمان جانتے تھے کہ ایسا 'صرف تکثیریت اور سب کو ساتھ لے کر چلنے والے معاشرے میں ہی ممکن ہے کہ عام شہری آزادی، امن اور سلامتی کے ساتھ اپنی زندگی بسر کر سکیں اور اخوت اور انصاف سے عبارت دنیا کی تعمیر‘ کی جا سکے۔

شیخ مجیب الرحمان، جو بنگلہ دیش کی موجودہ وزیر اعظم شیخ حسینہ کے والد تھے، اپریل 1971ء سے لے کر 15 اگست 1975ء کے روز اپنے قتل تک بنگلہ دیش کے پہلے صدر رہے تھے۔

سابقہ مشرقی پاکستان

بنگلہ دیش ماضی میں پاکستان کا حصہ تھا اور مشرقی پاکستان کہلاتا تھا۔ آج کے بنگلہ دیش نے سابقہ مشرقی پاکستان کے طور پر 26 مارچ 1971ء کے دن مغربی پاکستان کے ساتھ مسلح تنازعے کے دوران اپنی آزادی کا اعلان کر دیا تھا۔

بنگلہ دیش: وزیر اعظم شیخ حسینہ کے قریبی ساتھیوں پر میگا کرپشن کا الزام

اس خونریز تنازعے کو سابقہ مغربی پاکستان اور موجودہ پاکستان میں بنگلہ دیش کی علیحدگی کی جنگ کا نام دیا جاتا ہے، جس میں بھارتی فوج بھی ایک فریق تھی، جس کے آگے اس جنگ میں سابقہ مشرقی پاکستان میں تعینات پاکستانی فوج نے ہتھیار ڈال دیے تھے۔

بنگلہ دیش میں اس جنگ کو جنگ آزادی کہا جاتا ہے، جس دوران بہت زیادہ خونریزی ہوئی تھی اور بنگلہ دیشی مؤرخین کے مطابق بے شمار خواتین کو جنسی زیادتیوں کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

'بھارت ہمارا سچا دوست ہے' شیخ حسینہ

عورت نکاح کا اندراج بھی نہیں کر سکتی، بنگلہ دیشی ہائی کورٹ

کیتھولک چرچ اور بنگلہ دیش کے تعلقات

موجودہ پوپ فرانسس نے نومبر 2017ء میں بنگلہ دیش کا دورہ کیا تھا، جس دوران انہوں نے عالمی برادری کی توجہ خاص طور پر ان لاکھوں روہنگیا مسلم مہاجرین کو درپیش المناک حالات کی طرف بھی دلائی تھی، جو اس سال میانمار میں اپنے خلاف فوجی کریک ڈاؤن کے باعث ہمسایہ ملک بنگلہ دیش میں پناہ گزین ہو گئے تھے۔

پوپ فرانسس کے اس دورے سے قبل 1970 کے آخر میں پوپ پال ششم اپنے نو روزہ دورہ ایشیا کے دوران (سابقہ) مشرقی پاکستان میں ڈھاکا بھی گئے تھے۔

بنگلہ دیش: مسجد میں دھماکے سے گیارہ افراد ہلاک

بنگلہ دیش کی آبادی تقریباﹰ 165 ملین ہے۔ اس مسلم اکثریتی معاشرے میں مسلمانوں کا تناسب تقریباﹰ 90 فیصد ہے۔ ہندو شہری اس جنوبی ایشیائی ملک کی ایک بڑی مذہبی اقلیت ہیں جبکہ ملکی آبادی میں مسیحیوں کا تناسب صرف 0.3 فیصد کے قریب ہے۔

م م / ش ج (کے این اے، ویٹیکن نیوز)