1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنگلہ دیش: ڈوبنے والی کشتی کے 24 مسافروں کو بچا لیا گیا، 100 لاپتہ

Afsar Awan7 نومبر 2012

خلیج بنگال میں بنگلہ دیش کے ساحل کے قریب تارکین وطن سے بھری ایک کشتی ڈوبنے کے باعث کم از کم 100 افراد لاپتہ ہوگئے ہیں۔ حادثے کا شکار ہونے والی اس کشتی میں روہنگیا مہاجرین بھی سوار تھے۔

https://p.dw.com/p/16enL
تصویر: Reuters

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے بنگلہ دیشی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والی یہ کشتی غیر قانونی تارکین وطن کو لے کر ملائشیا جا رہی تھی۔ بنگلہ دیش سے ملائشیا کی طرف اس طرح کے خطرناک سمندری سفر عام ہیں، کیونکہ غربت کے شکار بنگلہ دیشی ملائشیا میں نوکریوں کے اچھے مواقع حاصل کرنے کے لیے اپنی جان تک کو خطرات میں ڈالنے سے نہیں چوکتے۔

میانمار میں مقامی بودھ آبادی اور روہنگیا مسلمانوں کے مابین فسادات کی وجہ سے روہنگیا برادری کے افراد کی جانب سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے
میانمار میں مقامی بودھ آبادی اور روہنگیا مسلمانوں کے مابین فسادات کی وجہ سے روہنگیا برادری کے افراد کی جانب سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہےتصویر: Getty Images

بنگلہ دیشی سرحدی فورس کے ایک اعلیٰ اہلکار لیفٹیننٹ کرنل زاہد حسن کے مطابق گنجائش سے زائد مسافروں سے بھری اس کشتی پر اندازوں کے مطابق 125 افراد سوار تھے۔ کرنل زاہد کے مطابق مچھیروں نے 24 افراد کو بچا لیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز نے بنگلہ دیشی سرحدی فورس کے حوالے سے بتایا ہے کہ کوسٹ گارڈز، مچھلیاں پکڑنے والی کشیوں کے ملاح اور بارڈر فورس کی گشتی کشتیاں اب تک 51 افراد بچا چکی ہیں۔

بحریہ کے ایک افسر نے بتایا کہ غرق ہونے والی کشتی پر میانمار کی روہنگیا کمیونٹی کے افراد سوار تھے۔ گزشتہ دنوں میانمار میں مقامی بودھ آبادی اور روہنگیا مسلمانوں کے مابین فسادات کی وجہ سے روہنگیا برادری کے افراد کی جانب سے نقل مکانی کا سلسلہ جاری ہے۔

بنگلہ دیشی سرحدی فورس کے مطابق اب تک 51 افراد کو بچالیا گیا ہے
بنگلہ دیشی سرحدی فورس کے مطابق اب تک 51 افراد کو بچالیا گیا ہےتصویر: Reuters

خلیج بنگال میں دو ہفتوں سے بھی کم وقت میں کشتی ڈوبنے کا یہ دوسرا سنگین حادثہ ہے۔ 27 اکتوبر کو ہونے والے حادثے میں کم از کم 120 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ گنجائش سے زیادہ مسافروں سے بھری وہ کشتی بھی ملائشیا کی طرف رواں تھی۔ اس حادثے میں صرف چھ افراد کو زندہ بچایا جا سکا تھا۔

زاہد حسن کے مطابق یہ کشتی مسافروں کو لے کر بنگلہ دیش کے جنوبی حصے تیکناف سے منگل کے روز کسی وقت روانہ ہوئی تھی۔ یہ کشتی بدھ کے روز الٹ کر ڈوب گئی۔ بنگلہ دیش کی نیوی اور کوسٹ گارڈز حادثے کا شکار ہونے والے مسافروں کی تلاش کا کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

aba/aa (dpa, Reuters)