1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بنڈس لیگا: مائنز نے نیورمبرگ کو شکست دے دی

27 نومبر 2010

جرمنی کی قومی فٹ بال لیگ بنڈس لیگا کے 14ویں میچ ڈے میں جمعہ کے روز کھیلے گئے ایک میچ میں مائنز نے نیورمبرگ کو تین صفر سے شکست دے کر لیگ میں اپنی دوسری پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

https://p.dw.com/p/QJiN
تصویر: dapd

مائنز کی طرف سے کھیل کے 27 ویں منٹ میں پہلا گول کیا گیا۔ یہ گول اینڈرے شورلے نے کیا۔ کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک مقابلہ ایک صفر سے مائنز کے حق میں رہا۔ کھیل کے دوسرے ہاف کے نویں منٹ میں مائنز کی ٹیم نے ایک اور گول کر کے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کر لی جبکہ 86 ویں منٹ میں متبادل کھلاڑی Sami Allagui نے ایک اور گول کر کے مائنز کی فتح کو یقینی بنا دیا۔

Fussball 1. Bundesliga 14. Spieltag 1. FSV Mainz 05 - 1. FC Nürnberg
مائنز کے فینز خوشی کا اظہار کرتے ہوئےتصویر: dapd

اس میچ میں فتح کے بعد مائنز کی ٹیم 30 پوائنٹس کے ساتھ کم از کم مزید ایک ہفتے کے لئے لیگ میں دوسری پوزیشن پر براجمان رہے گی۔ دوسری جانب نیورمبرگ کی ٹیم اس شکست کے بعد 18 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں دسویں پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ بنڈس لیگا میں نیورمبرگ کی یہ مسلسل تیسری ناکامی تھی۔

SC Freiburg gegen Borussia Dortmund
ڈورٹمنڈ کی ٹیم لیگ میں اب تک پہلی پوزیشن پر ہےتصویر: picture-alliance/Pressefoto ULMER/Claus Cremer

لیگ میں 34 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن ڈورٹمنڈ کی ہے۔ آج شام ڈورٹمنڈ کی ٹیم اس میچ ڈے میں میونشن گلاڈ باخ کے مدمقابل آرہی ہے۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم نے اب تک کھیلے گئے اپنے تیرہ میچوں میں سے گیارہ میں کامیابی حاصل کی ہے۔ لیگ میں تیسری پوزیشن لیورکوزن کی ہے۔ لیور کوزن نے اب تک 13 میچوں میں سات میں کامیابی حاصل کی ہے اور اس کے 25 پوائنٹس ہیں۔ لیورکوزن آج ہوفن ہائم کے مدمقابل آ رہی ہے۔ ہوفن ہائم لیگ میں 21 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں پوزیشن پر ہے۔ اس نے اب تک کھیلے گئے 13 میچوں میں سے چھ میں کامیابی حاصل کی ہے۔

آج ہفتے کے روز کھیلے جانے والے دیگر مقابلوں میں کائزرزلاؤٹرن کی ٹیم شالکے کے مدمقابل آ رہی ہے۔ دفاعی چیمپیئن بائرن میونخ کا مقابلہ فرینکفرٹ کی ٹیم سے ہو رہا ہے جبکہ ہیمبرگ شٹٹ گارٹ کا سامنا کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ لیگ چارٹ میں چوتھے نمبر کی ٹیم ہینوور فرائی برگ کے خلاف کھیل رہی ہے۔

اتوار کے روز بنڈس لیگا کے 14 ویں میچ ڈے کے سلسلے میں دو میچز کھیلے جائیں گے۔ بریمن کی مقابلہ سینٹ پاؤلی سے جبکہ کولون کا میچ وولفس برگ کی ٹیم سے ہوگا۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں