بنڈس لیگا، لیورکوزن خوش قسمت رہی اور بالاک پھر بدقسمت
29 اکتوبر 2011لیورکوزن کی جانب سے یہ گول جرمن فٹبال ٹیم کے سابق کپتان میشاعیل بالاک نے کیا۔ یہ گزشتہ پانچ برسوں میں بنڈس لیگا میں ان کا پہلا گول تھا۔ تاہم میچ میں بالاک کی ناک پر شدید چوٹ آنے کے بعد وہ میدان سے باہر چلے گئے۔ کہا جا رہا ہے کہ غالباﹰ ان کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے اور اب وہ ممکنہ طور پر چیمپیئنز لیگ کے سلسلے میں ہونے والے اگلا میچ نہیں کھیل پائیں گے۔
35 سالہ میشاعیل بالاک سن 2010ء کے ورلڈ کپ مقابلوں سے قبل ایک میچ میں ٹخنے کی ہڈی تڑوا بیٹھے تھے، جس کی وجہ سے وہ عالمی مقابلوں میں جرمن ٹیم کی نمائندگی نہیں کر پائے تھے۔ ان کی جگہ ٹیم کی کپتائی فِلیپ لاہم نے کی تھی، جو ابھی تک یہ ذمہ داری نبھا رہے ہیں۔
اس سے قبل بنڈس لیگا میں میشاعیل بالاک نے سن 2006ء میں بائرن میونخ کے لیے گول کیا تھا۔ اس کے بعد وہ انگلش کلب چیلسی سے منسلک ہو گئے تھے۔ تماشائیوں میں جرمن فٹ بال ٹیم کے کوچ یوآخم لو بھی موجود تھے۔
لیورکوزن کے کوچ نے میچ روبن ڈُٹ کے بعد اپنے ایک انٹرویو میں کہا، ’ایسا لگتا ہے، جیسے میشاعیل بالاک کی ناک کی ہڈی ٹوٹ گئی ہے۔‘‘
انہوں نے فرائی برگ کے خلاف فتح کو خوش قسمتی قرار دیا۔ ڈُٹ کا کہنا تھا کہ لیورکوزن کی ٹیم کے برتری لے لینے کے بعد فرائی برگ کی ٹیم بے بھرپور کھیل کا مظاہرہ کیا۔
اس شکست کے بعد فرائی برگ کی ٹیم بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخری پوزیشن پر چلی گئی ہے۔ جبکہ گزشتہ سیزن میں بنڈس لیگا میں دوسری پوزیشن حاصل کرنے والی لیورکوزن اب 17 پوائنٹس کے ساتھ لیگ میں آٹھویں پوزیشن پر ہے۔
لیگ میں پہلی پوزیشن بائرن میونخ کی ہے، جس کے 22 پوائنٹس ہیں۔ بائرن میونخ اس میچ ڈے کے سلسلے میں آج ہفتے کو نیورمبرگ کے مدمقابل آئے گی۔
رپورٹ: عاطف توقیر
ادارت: امتیاز احمد