بنڈس لیگا: سترہویں میچ ڈے کا دوسرا دن
16 دسمبر 2012بنڈس لیگا کے سترہویں میچ ڈے کے دوسرے دن کل چھ میچ شیڈیول تھے۔ ان میں ایک میچ لیگ ٹیبل میں دوسری پوزیشن کی حامل لیورکوزن کا تھا۔ لیورکوزن نے ہیمبرگ کی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے ہرایا۔ لیورکوزن کی جانب سے اشٹیفان کیسلنگ (Stefan Kiessling) نے دو گول کیے۔ کیسلنگ بنڈس لیگا میں اب تک بارہ گول کر چکے ہیں اور وہ ٹاپ اسکورر ہیں۔ لیورکوزن نے میچ جیت کر ٹاپ ٹیم بائرن میونخ کی سبقت میں کمی پیدا کر دی ہے۔ بائرن میونخ کا میچ جمعے کے روز مؤنشن گلاڈ باخ کے ساتھ ایک ایک گول سے برابر رہا تھا۔
دفاعی چیمپئن ڈورٹمنڈ آج اتوار کے روز اپنا میچ کھیل رہی ہے۔ یہ میچ ہوفن ہائم کلب کے ساتھ ہے جو ان دنوں پے در پے شکستوں کا سامنا کر رہی ہے۔ دفاعی چیمپئن کی لیگ ٹیبل پر پوزیشن اس وقت چوتھی ہے لیکن اگر وہ آج کا میچ جیت گئی تو دوبارہ تیسرے مقام پر آ جائے گی۔ تیسری پوزیشن پر آئنٹراخٹ فرینکفرٹ کی ٹیم ہفتے کے روز اپنا میچ جیت کر آ گئی تھی۔ فرینکفرٹ کی ٹیم نے وولفس برگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے ہرایا۔
بنڈس لیگا میں مسلسل شکستوں کا سامنا شالکے کلب کو بھی ہے۔ اسے ہفتے کے روز چھٹی ہار کا سامنا کرنا پڑا۔ فرائی برگ کے خلاف میچ میں شالکے نے برتری حاصل کر لی تھی لیکن وہ اس برتری کو قائم نہ رکھ سکی۔ فرائی برگ نے انجام کار یہ میچ ایک گول کے مقابلے میں تین گول سے جیت لیا۔ ایسا خیال کیا جا رہا تھا کہ شالکے کلب کی انتظامیہ کوچ ہُوب اسٹیونز (Huub Stevens) کو فارغ کرنے والی ہے لیکن بنڈس لیگا کے پہلے حصے کے میچ مکمل کرنے پر شالکے کلب کے اسپورٹس ڈائریکٹر ہورسٹ ہیلڈٹ (Horst Heldt) کا کہنا ہے کہ سردست ایسا کچھ بھی نہیں سوچا جا رہا اور اسٹیونز شالکے کے کوچ رہیں گے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے دوسرے میچوں میں اشٹٹ گارٹ کی ٹیم کو مائنز کلب سے ایک گول کے مقابلے میں تین گول سے ہارنا پڑا۔ لیگ ٹیبل پر مائنز کی چھٹی اور اشٹٹ گارٹ کی نویں پوزیشن ہے۔ ہفتے کے روز ایک دوسرے میچ میں فورٹونا ڈوسلڈورف نے ہینوور کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ڈوسلڈورف کی ٹیم کو تیرہویں اور ہینوور کو گیارہویں پوزیشن حاصل ہے۔
ہفتے کے روز ہی گروئتھر فیؤرتھ اور آؤگس بُرگ کے درمیان بھی میچ کھیلا گیا۔ یہ مقابلہ ایک ایک گول سے برابر رہا۔ یہ دونوں ٹیمییں بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل میں سب سی نچلی پوزیشنوں پر ہیں۔ اگر بنڈس لیگا کے اختتام پر یہی صورت حال رہی تو گروئتھر فیؤرتھ اور آؤگس بُرگ کو تنزلی کا سامنا ہو گا۔ نچلی پوزیشنوں میں ہوفن ہائم بھی ہے اور اسے بھی تنزلی کے امکان تلے بقیہ لیگ کے اگلے حصے میں کھیلنا ہو گا۔
ah / at (dpa, Reuters)