بنڈس لیگا: آؤگس برگ کی مزید ایک جیت
21 جنوری 2013آؤگس برگ اور ڈسلڈورف کی ٹیمیں اتوار کو بنڈس لیگا کے اٹھارہویں میچ ڈے کے آخری مقابلے کے لیے میدان میں اتریں۔ آؤگس برگ نے یہ میچ دو کے مقابلے میں تین گول سے جیتا۔
یوں اس ٹیم نے اب تک کھیلے جانے والے 18 میچوں میں سے صرف دو جیتے ہیں جب کہ دس میں اسے شکست کا سامنا رہا ہے۔ چھ میچ بے نتیجہ رہے۔ اس ناقص کارکردگی کی وجہ سے آؤگس برگ پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نچلے درجے کی ٹیم گروئتھر فیورتھ سے ہی اُوپر ہے۔
اتوار کو ہونے والے دو مقابلوں میں سے ایک نیوریمبرگ اور ہیمبرگ کے درمیان ہوا، جو ایک ایک گول سے برابر رہا۔ اس بے نتیجہ میچ کے باوجود ہیمبرگ پوائنٹس ٹیبل پر ایک درجہ اُوپر یعنی نویں نمبر پر پہنچ گیا ہے۔ اس کے برعکس نیوریمبرگ پندرھویں پوزیشن پر لڑھک گیا ہے۔
اٹھارہویں میچ ڈے کا آغاز حسب معمول جمعے کو ہوا۔ پہلے میچ میں شالکے نے ہینوور کو چار کے مقابلے میں پانچ گول سے شکست دی۔
ہفتے کو اس میچ ڈے کے دوسرے روز چھ میچ کھیلے گئے، جن میں بائرن میونخ نے گروئتھر فیورتھ کو صفر کے مقابلے میں پانچ گول سے مات دی۔ لیور کوزن نے فرینکفرٹ کو ایک کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
وولفس برگ نے اشٹٹ گارٹ کو دو صفر سے مات دی۔ ڈورٹمنڈ نے بریمن کو پانچ صفر سے پچھاڑا۔ ہوفن ہائیم اور مؤنشن گلاڈ باخ کا میچ صفر صفر سے برابر رہا۔ مائنز اور فرائی برگ کا میچ بھی صفر صفر سے ہی بے نتیجہ رہا۔
پوائنٹس ٹیبل
بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی چار پوزیشنوں میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ تاہم پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر موجود ٹیمیں (بالترتیب بائرن میونخ، لیورکوزن اور ڈورٹمنڈ) نے اٹھارہویں میچ ڈے میں اپنے اپنے میچ جیت کر اپنی پوزیشنوں کو مستحکم بنایا ہے۔
چوتھے نمبر پر فرینکفرٹ ہے، جس نے اس میچ ڈے میں شکست کے باوجود اپنی پوزیشن تو نہیں کھوئی تاہم اس کی یہ حیثیت کمزور ضرور پڑ گئی ہے۔ اسے 30 پوائنٹس حاصل ہیں جب کہ پانچویں نمبر پر پہنچنے والی ٹیم شالکے کے پوائنٹس 28 ہیں۔
چھٹے اور ساتویں نمبر پر 27 ستائیس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب فرائی برگ اور مائنز ہیں۔ یہ ٹیمیں اس میچ ڈے میں پوائنٹس ٹیبل پر نیچے آئی ہیں۔
آٹھویں نمبر پر مؤنشن گلاڈ باخ، نویں پر ہیمبرگ اور دسویں پر اششٹ گارٹ ہے۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: شامل شمس