1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلوچ یوم ثقافت: کراچی میں جرمن قونصل جنرل بھی بلوچی لباس میں

2 مارچ 2022

آج دو مارچ بدھ کے دن پورے پاکستان میں بلوچ کلچر ڈے کی مناسبت سے مختلف تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔ کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اپنی اہلیہ کلاؤڈیا زیگلر کے ساتھ ایک تقریب میں روایتی بلوچی لباس پہن کر شریک ہوئے۔

https://p.dw.com/p/47thb
تصویر: Rafat Saeed/DW

بلوچ یوم ثقافت کے موقع پر کراچی میں جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلر اور ان کی اہلیہ کلاؤڈیا زیگلر نہ صرف روایتی بلوچی ملبوسات پہنے ہوئے تھے بلکہ انہوں نے قونصل خانے میں بلوچ نوجوانوں سے بات چیت بھی کی۔ ہولگر زیگلر جرمنی کے قومی پرچم کے رنگوں والی روایتی بلوچی پگڑی، شلوار قمیض اور واسکٹ پہنے ہوئے تھے۔

Pakistan Karachi | Baloch Culture Day
کلاؤڈیا زیگلرتصویر: Rafat Saeed/DW

کراچی میں جرمن قونصل خانے کی جانب سے موقع کی مناسبت سے ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ یہ جرمن سفارت کار اور ان کی اہلیہ بلوچ نوجوانون محمد حنیف اور محمد شاکر سے بلوچی زبان میں مخاطب ہیں۔ قونصل خانے کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ جدید دنیا میں ثقافتی تبادلے اور مکالمے بین الاقوامی تعلقات کے لازمی جزو ہیں اور ثقافتی تبادلہ جرمنی میں معاشرتی زندگی کا ایک اہم حصہ ہے۔

ثقافتی دن کیوں منایا جاتا ہے؟

پاکستان میں بلوچ ثقافت کا دن منانے کی روایت ڈالنے والے اور پاکستان کے پہلے بلوچی ٹیلی وژن وش کے روح رواں احمد اقبال بلوچ نے ڈی ڈبلیو کے ساتھ گفتگو میں کہا کہ انہوں نے اس دن کا منانے کا اہتمام بلوچستان کی دستکاری کو فروغ دینے کی سوچ کے تحت کیا۔ انہوں نے کہا کہ سفارت کاروں، مثلاﹰ جرمن قونصل جنرل زیگلر اور ان کی اہلیہ کا بلوچی لباس زیب تن کرنا دراصل دو ثقافتوں کا ملاپ ہے۔

پاکستان میں سندھی ٹوپی اجرک ڈے کے بعد اب بلوچ یوم ثقافت بھی کافی مقبول ہوتا جا رہا ہے۔

Pakistan Karachi | Baloch Culture Day
جرمن قونصل جنرل ہولگر زیگلرتصویر: Rafat Saeed/DW

احمد اقبال بلوچ نے بتایا کہ غیر ملکی سفارت کاروں کی بلوچ کلچر ڈے میں دلچسپی خوش آئند ہے اور اس دن کو منانے ایک مقصد بلوچ ثقافت کو پورے پاکستان کی نئی نسل تک پہنچانا بھی ہے۔

بلوچ کلچر ڈے کی ابتدا

بلوچ صحافی سعید سربازی کہتے ہیں کہ بلوچ کلچر ڈے کا آغاز سب سے پہلے کوئٹہ میں بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن نے کیا تھا اور تب بلوچ قوم کو یہ احساس ہونے لگا تھا کہ وہ اقلیت میں بدلتی جا رہی ہے۔ ''لہٰذا اپنی شناخت اور تشخص کو اجاگر کرنے کے لیے بلوچ یوم ثقافت کو ملک گیر سطح پر منانے کا فیصلہ کیا گیا۔‘‘ سعید سربازی نے بتایا کہ بلوچوں کی بڑی تعداد صوبہ پنجاب میں بھی آباد ہے اور حکومتی سطح پر یہ دن اب صوبہ پنجاب میں بھی منایا جاتا ہے۔

بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر بلوچ قوم کے باشندے خاص طور پر اپنے روایتی لباس پہنتے ہیں اور یہ دن بڑے جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔ کراچی کے لیاری، گارڈن اور ماری پور جیسے علاقوں میں جہاں بلوچ باشندے بڑی تعداد میں آباد ہیں، آج کے دن بہت رونق اور گہما گہمی دیکھنے میں آتی ہیں۔

پاکستان میں مختلف قومیتوں کی ثقافتوں کے دنوں پر امریکہ اور یورپی ممالک کے سفارت کاروں کی جانب سے عموماﹰ پیغامات جاری کیے جاتے ہیں لیکن بلوچ کلچر ڈے کے موقع پر کراچی میں جرمن قونصل جنرل اور ان کی اہلیہ نے پیغام کے ساتھ ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیو بھی جاری کیں۔