1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بلوچستان سے بھارتی جاسوس گرفتار‘: پاکستان کا سفارتی احتجاج

مقبول ملک25 مارچ 2016

پاکستان نے بلوچستان سے گرفتار کیے گئے اس شخص کے بارے میں بھارت سے باقاعدہ احتجاج کیا ہے، جسے اسلام آباد میں حکام بھارتی جاسوس قرار دے رہے ہیں۔ اس واقعے سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین نئی کشیدگی پیدا ہو گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1IJqd
Pakistan Belutschistan Anti Terror Soldaten
اس واقعے سے دونوں ہمسایہ ملکوں کے مابین نئی کشیدگی پیدا ہو گئی ہےتصویر: DW/A.G.Kakar

پاکستانی دارالحکومت سے جمعہ پچیس مارچ کو ملنے والی نیوز ایجنسی اے ایف پی کی رپورٹوں کے مطابق اسلام آباد میں حکام کا کہنا ہے کہ اس ’بھارتی جاسوس‘ کو جنوب مغربی صوبے بلوچستان سے سکیورٹی اہلکاروں کے ایک چھاپے کے دوران حراست میں لیا گیا۔ پاکستانی ذرائع ابلاغ کے مطابق مقامی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مبینہ جاسوس بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ (RAW) کا ایک ایجنٹ ہے۔

اسی دوران پاکستانی وزارت خارجہ کے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ ’بھارتی انٹیلیجنس ایجنسی ’را‘ کے ایک افسر کے پاکستان میں غیر قانونی داخلے اور اس کے بلوچستان اور کراچی میں تخریبی سرگرمیوں میں ملوث‘ ہونے کا واقعہ ہے۔

اسلام آباد میں ملکی وزارت خارجہ کے اس بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس واقعے پر ’پاکستان کے شدید احتجاج اور گہری تشویش‘ سے آگاہ کرنے کے لیے پاکستانی خارجہ سیکرٹری نے بھارتی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ میں طلب بھی کر لیا۔

بلوچستان اپنے رقبے کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا اور مجموعی طور پر سب سے کم ترقی یافتہ صوبہ ہے، جسے گزشتہ کئی برسوں سے بلوچ قوم پرستوں اور علیحدگی پسندوں کی طرف سے مسلح بغاوت کا سامنا بھی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستانی حکومت اور ملکی فوج کا ہمیشہ ہی یہ دعویٰ رہا ہے کہ ’اس دہشت گردی کو پاکستان کے بارے میں جارحانہ سوچ رکھنے والی بھارت جیسی ریاستیں ہوا دے رہی ہیں‘۔

کراچی، جو صوبہ سندھ کا دارالحکومت اور پاکستان کا اقتصادی اور کاروباری مرکز بھی ہے، کی آبادی 20 ملین کے قریب ہے۔ پاکستان کے اس بندرگاہی شہر کو گزشتہ کئی برسوں سے مذہبی، سیاسی اور نسلی بنیادوں پر خونریزی کا سامنا رہا ہے لیکن جب سے وہاں رینجرز کے نیم فوجی دستوں نے اپنا آپریشن شروع کر رکھا ہے، وہاں حالات میں قدرے بہتری آئی ہے۔

Pakistan Belutschistan Armee
بلوچستان کو کئی برسوں سے بلوچ قوم پرستوں اور علیحدگی پسندوں کی طرف سے مسلح بغاوت کا سامنا بھی ہےتصویر: DW/A.G.Kakar

نیوز ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پاکستانی حکام نے اس مبینہ بھارتی جاسوس کی اپنی سرزمین سے گرفتاری کا اعلان اس واقعے کے چند ماہ بعد کیا ہے، جس میں عسکریت پسندوں نے بھارتی فضائیہ کے ایک اڈے کو نشانہ بنایا تھا۔

یہ دہشت گردانہ حملہ بھارت میں پٹھان کوٹ ایئر بیس پر جنوری میں کیا گیا تھا، جس میں متعدد حملہ آوروں کے علاوہ سات بھارتی فوجی بھی مارے گئے تھے۔ اس حملے کے بعد نئی دہلی حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ اس دہشت گردانہ کارروائی میں پاکستان سے آنے والے عسکریت پسند ملوث تھے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید