1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بلغاریہ میں اسرائیلی سیاحوں پر حملے میں چھ ہلاک، متعدد زخمی

19 جولائی 2012

اسرائیلی حکام کے مطابق بدھ کو بلغاریہ کے شہر بُرگاس کے ہوائی اڈے کے باہر کھڑی بس میں بم دھماکے میں ہلاک یا زخمی ہونے والوں میں زیادہ تعداد اسرائیلی باشندوں کی ہے۔ اس حملے کے نتیجے میں چھ افراد ہلاک جبکہ بتیس زخمی ہوگئے۔

https://p.dw.com/p/15afT
تصویر: Reuters

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے اسے ’ایران کی طرف سے کی گئی‘ دہشت گردی کی ایک کارروائی قرار دیتے ہوئے سخت ردعمل کا عندیہ دیا ہے۔ اسرائیلی وزیر اعظم کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے کے حوالے سے تمام تر اشارے اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ اس کے پیچھے طور پر ایران کا ہاتھ ہے۔ تاہم انہوں نے اس حوالے سے کوئی ٹھوس ثبوت فراہم نہیں کیا۔

Bulgarien Flughafen Burgas Explosion Israelischer Reisebus
تین زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہےتصویر: Reuters

بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ سے چار سو کلو میٹر دور مغرب میں واقع بُرگاس نامی شہر کے ہوائی اڈے کی پارکنگ میں ہوئے اس حملے کے نتیجے میں متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اسرائیلی وزارت خارجہ نے بتایا ہے کہ زخمیوں میں سے اکتیس اسرائیلی ہیں جبکہ ہلاک شدگان کی شناخت کا کام ابھی جاری ہے۔

خبر رساں ادارےاے پی نے بتایا ہے کہ یہ حملہ اس وقت ہوا جب اسرائیل سے تعلق رکھنے والے نوجوان سیاح ایک پرواز سے وہاں پہنچنے کے بعد بس میں سوار ہو رہے تھے۔ ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق دھماکے کی جگہ سے دھواں اڑ رہا تھا اور پارکنگ میں آس پاس گاڑیوں اور دیگر بسوں کو بھی نقصان پہنچا۔

اسرائیلی وزیر خارجہ لیبرمن نے بلغاریہ کے اپنے ہم منصب سے گفتگو کے بعد صحافیوں کو بتایا ہے بم بس میں پہلے سے نصب تھا۔ ابتدائی طور پر اسرائیلی حکام نے کہا تھا کہ اس حملے میں سات افراد کے مارے جانے کی خبریں موصول ہو رہی تھیں تاہم بدھ کی شب بلغاریہ کی وزارت خارجہ نے کہا کہ ہلاک شدگان کی تعداد چھ ہے جبکہ بتیس افراد زخمی ہوئے۔ تین زخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

Bulgarien Flughafen Burgas Explosion Israelischer Reisebus
دھماکے سے پارکنگ میں آس پاس گاڑیوں اور دیگر بسوں کو بھی نقصان پہنچاتصویر: Reuters

اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق ایک چارٹرڈ طیارہ تل ابیب سے 154 مسافروں کو لے کر بدھ کی شام چار بج کر 45 منٹ پر بُرگاس کے ہوائی اڈے پہنچا تھا جبکہ یہ حملہ اس کے ٹھیک چالیس منٹ بعد کیا گیا۔ امریکا اور برطانیہ سمیت کئی مغربی ممالک نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک دہشت گردانہ کارروائی قرار دیا ہے۔

ابھی تک کسی نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ اسرائیلی باشندوں کو ان کے ملک سے باہر اکثر ہی نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ بدھ کو بُرگاس میں ہوا یہ حملہ ایسے دن ہوا ہے، جب ٹھیک اٹھارہ برس قبل ارجنٹائن میں یہودیوں کی ایک کمیونٹی پر ہوئے حملے کے نتیجے میں 85 افراد مارے گئے تھے۔

ng/ab (AFP,AP)