برطانیہ : پناہ گزینوں کے لیے انگریزی لازمی کی جائے
5 جنوری 2017برطانیہ میں کُل جماعتی پارلیمانی گروپ کی جانب سے سماجی انضمام پر جاری ہونے والی اس پہلی رپورٹ میں اقتصادی مہاجرت کے موضوع پر حکومت کو سفارشات پیش کی گئی ہیں۔ رپورٹ میں پیش کردہ تجاویز میں مہاجرین کے برطانیہ میں داخلے کے فوراﹰ بعد انضمام کے عمل سے آغاز کو مرکزی حیثیت حاصل ہے۔
علاوہ ازیں انگریزی زبان کی سوجھ بوجھ کے فقدان اور برطانوی قوانین سے کم علمی کو رپورٹ میں انضمام کی راہ میں بڑی رکاوٹیں گردانا گیا ہے۔ اس رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ اقتصادی مشکلات کی وجہ سے جاری ہجرت کے اس بہاؤ کا رخ اگر آبادی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مخصوص علاقوں کی جانب موڑ دیا جائے تو اس سے بھی مہاجرت کے حوالے سے منفی تاثر کو زائل کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ حکومت کو اِس بات کا خیال رکھنا ہو گا کہ پوسٹ بریگزٹ امیگریشن پالیسیز بناتے وقت مزید سماجی تقسیم سے کیسے بچا جائے۔ قانون ساز چوکا امونا جو رپورٹ مرتب کرنے والے گروپ کے سربراہ بھی ہیں، کا کہنا ہے، ’’ملک میں مناسب سماجی انضمام کی سازگار فضا پیدا کرنے میں حکومت کی ناکامی سے ایک ایسا خلاء پیدا ہو گیا، جس کا انتہا پسند اور نفرت کا پرچار کرنے والے ناجائز فائدہ اٹھا رہے ہیں۔