1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برطانیہ: مہاتما گاندھی یاد گاری سکّے کا اجراء

4 نومبر 2021

ہندووں کے تہوار دیوالی کے موقع پر برطانیہ نے پانچ پاونڈ کا ایک خصوصی یادگاری سکّہ جاری کیا۔ نوآبادیاتی حکومت کے خلاف بھارت کی جد و جہد آزادی کے رہنما مہاتما گاندھی کو پہلی مرتبہ کسی برطانوی سرکاری سکّے پر جگہ دی گئی ہے۔

https://p.dw.com/p/42Ys2
موہن داس کرم چند گاندھی (مہاتما گاندھی) 1931میں گول میزکانفرنس میں شرکت کے لیے لندن میں
موہن داس کرم چند گاندھی (مہاتما گاندھی) 1931میں گول میزکانفرنس میں شرکت کے لیے لندن میںتصویر: Getty Images/Central Press

برطانیہ کے وزیر خزانہ رِشی سوناک نے کہا کہ دیوالی کے تہوار کے موقع پر اس یادگاری سکے کو جاری کرتے ہوئے وہ فخر محسوس کررہے ہیں۔

سوناک کا کہنا تھا،”ہندو مذہبی عقیدے پر عمل کرنے والے ایک شخص کے طورپر مجھے فخر ہے کہ میں دیوالی کے موقع پر اس سکے کو جاری کر رہا ہوں۔"

برطانوی وزیر خزانہ کا کہنا تھا،”مہاتما گاندھی نے بھارت کی آزادی کی تحریک میں بنیادی کردار ادا کیا اور ان کی قابل ذکر زندگی کی یاد میں پہلی مرتبہ کوئی برطانوی سکہ جاری کرنا انتہائی شاندار ہے۔"

سوناک کا مزید کہنا تھا کہ یہ سکہ ایک ایسے رہنما کو مناسب خراج عقیدت ہے جس نے اپنی ذات سے پوری دنیا کو متاثر کیا۔

بھارتی ہندو دیوالی کے مذہبی تہوار کے موقع پر بالعموم ایک دوسرے کو تحائف پیش کرتے ہیں جن میں سونے اور چاندی سے تیار اشیاء، زیورات اور سکے وغیرہ شامل ہوتے ہیں۔ بھارت میں اس برس دیوالی کا تہوار جمعرات چار نومبر کو منایا جارہا ہے۔

مہاتما گاندھی کے زیراستعمال چند چیزیں
مہاتما گاندھی کے زیراستعمال چند چیزیںتصویر: Payel Samanta

گاندھی برطانوی سکے پرپہلی مرتبہ

 اس سکے میں ایک طرف بھارت کا قومی پھول کنول بنا ہوا ہے اور اس پر مہاتما گاندھی کا مشہور قول”میری زندگی ہی میرا پیغام ہے‘‘ کندہ ہے۔ اسے حنا گلوور نے ڈیزائن کیا ہے۔

یہ سکہ برطانوی شاہی ٹکسال 'رائل منٹ‘ کے وسیع تر دیوالی کلیکشن کا حصہ ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب مہاتما گاندھی کو کسی برطانوی سکے پر جگہ دی گئی ہے۔ یہ سکہ سونے اور چاندی دونوں میں دستیاب ہوگا۔

گو کہ اس سکے کی سرکاری اور قانونی حیثیت ہوگی تاہم اسے عام چلن کے لیے جاری نہیں کیا گیاہے۔ یہ دیوالی کے موقع پر جاری کیے جانے والے دیگر اشیاء کے ساتھ جمعرات سے فروخت کے لیے دستیاب ہے۔

رائل منٹ نے دیوالی کے موقع پرسونے کی چھڑیں بھی فروخت کے لیے تیار کی ہیں جن پر ہندوعقیدے کے مطابق دولت کی دیوی لکشمی کا عکس کندہ ہے۔

سوناک نے تمام شعبہ حیات سے تعق رکھنے والی اقلیتی کمیونٹی کی نمائندگی کو اجاگر کرنے والی مہم کے حصے کے طور پر گزشتہ برس ”تنوع پر مبنی برطانیہ" کے عنوان سے 50 پینی کا ایک نیا سکہ جاری کیا تھا۔

ج ا/ص ز (روئٹرز، اے پی)

 

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں