1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

برازیل پھر ہار گیا

ندیم گِل13 جولائی 2014

فیفا فٹ بال ورلڈ کپ میں تیسری پوزیشن کے لیے کھیلے گئے ایک میچ میں ہالینڈ نے برازیل کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دے دی ہے۔ یہ مقابلہ ہفتے کو برازیلیہ میں ہوا۔

https://p.dw.com/p/1CbuW
تصویر: Reuters

سیمی فائنل میں جرمنی کے ہاتھوں سات ایک کی بدترین شکست کے بعد برازیل کے لیے موقع تھا کہ وہ ہالینڈ کے خلاف تیسری پوزیشن کا میچ جیت کر اپنی پچھلی ہار کا غم غلط کر لے۔ تاہم ہالینڈ نے بھی برازیل کی ایک نہ چلنے دی اور یوں فیفا فٹ بال ورلڈ کپ کے اختتام پر  برازیل کے زخم ہرے کے ہرے رہ گئے ہیں۔

ہالینڈ نے ہفتے کے میچ کے پہلے ہاف میں ہی دو گول کر کے برازیل کے کھلاڑیوں اور مداحوں کے دِل ایک مرتبہ پھر توڑ دیے تھے۔ ہالینڈ کی جانب سے یہ پہلے دو گول روبن فان پیرسی اور دالی بلینڈ نے کیے۔ دوسرے ہاف میں جورجينيو وينالدوم نے تیسرا گول کر کے برازیل کی مسلسل بے بسی پر مہر ثبت کر دی۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق ہالینڈ کے خلاف اس میچ میں برازیل کی ٹیم نے متعدد دفاعی غلطیاں کیں۔ اس کے سینٹرل دفاعی کھلاڑیوں تھیاگو سلوا اور ڈیوڈ لوئس سے میچ کے آغاز پر بھی غلطیاں سرزد ہو گئی تھیں۔ ان کے باعث ہالینڈ نے اپنے پہلے دو گول کھیل کے سولہویں منٹ میں ہی کر لیے تھے جس سے یہ خدشہ پیدا ہو گیا تھا کہ برازیل کو سیمی فائنل میں سات ایک جیسی شکست کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

WM 2014 Spiel um Platz drei Brasilien Niederlande
برازیل کے کھلاڑی ہالینڈ کے خلاف کوئی گول نہ کر پائےتصویر: Reuters

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق 1940ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ برازیل کو اپنی ہی سرزمین پر مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اس سے پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے برازیل کی گول پوسٹ پر تابڑ توڑ حملے کیے تھے۔ پہلے ہی ہاف میں پانچ گول کر دیے گئے تھے جبکہ دوسرے ہاف میں دو مزید گول کیے گئے۔ کھیل کے پہلے چار میں سے تین گول محض تین منٹ ميں ہوئے تھے۔

برازیل کے کھلاڑی ہر مقام پر بے بس دکھائی دیے۔ پانچ مرتبہ ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کی جانب سے یہ کارکردگی قطعی متوقع نہ تھی۔ برازیل کی ٹیم کے کوچ فلیپے سکولاری نے اس شکست کی ذمہ داری قبول کر لی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ یہ ان کی زندگی کا بدترین دِن تھا۔

خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق برازیل کی ٹیم کو محض جرمنی کی طاقتور ٹیم کے ہاتھوں شکست ہی نہیں ہوئی تھی بلکہ وہ پوری دُنیا کے سامنے رسوا ہو گئی ہے۔ برازیل کے لیے فٹ بال ورلڈ کپ کی اس کی تاریخ کی یہ بدترین شکست رہی ہے۔

ورلڈ کپ کے فائنل کے لیے آج جرمنی اور ارجنٹائن کی ٹیمیں میدان میں اتریں گی۔ جرمنی یہ میچ جیت گیا تو اسے چوتھی مرتبہ ورلڈ کپ کا ٹائٹل حاصل ہو جائے گا۔