1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بد مزاج کتے جلدی مر جاتے ہیں

26 جولائی 2018

ایک برطانوی تحقیق کے مطابق بد مزاج، نافرمان اور مسلسل بھونکنے والے پالتو کتے، خوش مزاج کتوں کی نسبت کم عمر پاتے ہیں۔ اس تحقیقی رپورٹ کو مرتب کرنے کے لیے ڈھائی لاکھ سے زائد برطانوی کتوں کی عادات و اطوار کا جائزہ لیا گیا۔

https://p.dw.com/p/3283l
Filmstill | Isle of Dogs - Ataris Reise
تصویر: 2017 Twentieth Century Fox

اس تحقیقاتی مطالعے سے پتہ چلا ہے کہ برطانیہ میں ہر تین میں سے ایک پالتو کتے کی موت کا سبب اس کا ’نا مناسب‘ رویہ تھا۔ ایسے کیسوں میں پچھتر فیصد اموات کی بڑی وجہ ان کتوں کو ان کے جارحانہ رویوں کے باعث اُنہیں لاحق تکلیف سے بچانے کے لیے آسان موت دینا تھا۔

رپورٹ کے مطابق مالک کی بات نہ ماننے پر ٹریفک حادثات کتوں کی اموات کی دوسری بڑی وجہ تھی۔

محققین کا کہنا ہے کہ اس مطالعے کے لیے دو لاکھ چونسٹھ ہزار برطانوی کتوں کے مشاہدوں پر مبنی اعداد و شمار جمع کیے گئے تھے۔ اس ریسرچ کے نتائج سے پتہ چلتا ہے کہ کتوں کے مالکان کو انہیں رکھنے کی مناسب تعلیم دینے اور کتوں کی درست تربیت کی بہت اہمیت ہے۔

USA 2018 World's Ugliest Dog Contest in Kalifornien
تصویر: picture-alliance/AP Photo/J. Chiu

یہ رپورٹ رواں ہفتے پالتو جانوروں کی بہبود کے حوالے سے ایک برطانوی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔ جانوروں کو گود لینے اور اُن کے بچاؤ کے لیے کام کرنے والی ’پارٹنر شپ‘ نامی ایک امریکی غیر سرکاری تنظیم کے مطابق چار سے بارہ ہفتے کی عمر کے کتے کے بچوں کی سماجی تربیت اور رابطے بہت ضروری ہیں۔ اس گروپ کا کہنا ہے کہ نئے لوگوں، جانوروں، مقامات اور چیزوں سے تعارف ان چھوٹے پلّوں کو ’بلا خوف اور مناسب طریقے‘ سے رد عمل ظاہر کرنا سکھاتا ہے۔

اس مطالعے کو ترتیب دینے کے لیے محققین نے برطانیہ میں جانوروں کے ایک سو ستائیس ہسپتالوں کے سن 2009 سے سن 2014 تک کے ریکارڈ کا جائزہ لیا تھا۔ 

ص ح / ع ت / اے پی